نوازشریف واپس آئیں اور تقریر عدالت میں کریں گے، فواد چوہدری

نواز شریف فوج کا اوتھ پڑھ رہے تھے انہیں اپنا بھی اوتھ پڑھنا چاہیے،اگر جنرل ظہر الاسلام نے استعفیٰ مانگا تو میاں صاحب خاموش کیوں رہے نہ تیر چلے گا نہ تلوار چلے گی یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں، ہم سپورٹس کے اندر ٹیکنالوجی لا رہے ہیں،کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل اور وزارت سائنس ملکر سپورٹس میں ٹیکنالوجی پر کام کریں گے، پریس کانفرنس

جمعرات 1 اکتوبر 2020 20:42

نوازشریف واپس آئیں اور تقریر عدالت میں کریں گے، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف واپس آئیں اور تقریر عدالت میں کریں گے، نواز شریف فوج کا اوتھ پڑھ رہے تھے انہیں اپنا بھی اوتھ پڑھنا چاہیے،اگر جنرل ظہر الاسلام نے استعفیٰ مانگا تو میاں صاحب خاموش کیوں رہے نہ تیر چلے گا نہ تلوار چلے گی یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں، ہم سپورٹس کے اندر ٹیکنالوجی لا رہے ہیں،کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل اور وزارت سائنس ملکر سپورٹس میں ٹیکنالوجی پر کام کریں گے۔

جمعرات کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سپورٹس کے اندر ٹیکنالوجی لا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے لاہور قلندر کے ساتھ ایک بڑا زبردست ایم او یو سائن کیا ہے، سپورٹ میں ٹیکنالوجی کا فروغ ہوگا، بہت ضروری تھا کہ پاکستان میں سپورٹ ٹیکنالوجی لیکر آئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آسٹریلیا میں بال میں چپ لگائی جارہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم سیالکوٹ کی کمپنیز کو سپورٹ کمپنیز کے ساتھ جوڑ رہے ہیں، سیالکوٹ کی سپورٹ ایکسپورٹ ساڑھے تین سو ملین کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری میجر ایکسپورٹ صرف فٹبال کی رہ گئی ہے، پہلے ہم ٹینس بال بھی بناتے تھے اب نہیں بناتے۔وفاقی وزیر سائنس نے کہاکہ ہماری کوشش ہے ان کمپنیز کو میٹیریل فراہم کریں، کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل اور وزارت سائنس ملکر سپورٹس میں ٹیکنالوجی پر کام کریں گے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ ہم سیالکوٹ کی انڈسٹری کو ٹیکنالوجی کیساتھ جوڑ رہے ہیں ،سیالکوٹ کی برآمدات 350 سے 400 ملین ڈالرز کی ہیں،ہماری بڑی ایکسپورٹس فٹبال کی ہیں،ہم اب سپورٹس میں ٹیکنالوجی انڈسٹری کی بنیاد رکھ رہے ہیں،ہم اگلے ہفتے پی ایس ایل کے ساتھ معاہدہ کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کا رونا دھونا ہی ختم نہیں ہو رہا، لگتا ہے لندن میں کوئی چی گوریہ بیٹھا ہوا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف ہمیں انقلاب کا کوئی نیا ہی راستہ دکھا رہے ہیں، نواز شریف چاہتے ہیں کارکن سڑکوں پر نکلیں اور وہ خود نہ آئیں۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے کہا ہم نے ڈالر 100 روپے پر رکھا،نوازشریف نے یہ نہیں بتایا کہ ڈالر 100 روپے پر رکھنے میں 23 ارب ڈالر خرچ کیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی اکانومی تو نواز شریف صاحب بٹھا کر گئے ہیں،لگتا ہے نواز شریف اپنی اکانومی کی بات کرتے ہیں ،نواز شریف صاحب اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں،ایک بار پھر میڈیا کی آزادی ثابت ہوئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ حنیف عباسی نے درخواست دی تو عمران خان دو سال عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان نے ہر طرح کا ریکارڈ عدالت کو پیش کیا،نواز شریف کو ہر چیز بنانے کا پتہ تو ہے لیکن یہ نہیں پتہ کہ فلیٹ کیسے بنے،اس وقت نوازشریف کی تقریر یہ ہے اداروں کو بلیک میلنگ کرلیں،نواز شریف کو اپنا حلف یاد رکھنا چاہیے،آپ کو یہ گلہ ہے کہ آپ کے غلط کارناموں کو تحفظ کیوں نہیں دہتے،نوازشریف واپس آئیں اور تقریر عدالت میں کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ ان کو سب پتا ہے لیکن یہ نہیں پتا مریم اتنے اثاثوں کی مالک کیسے بن گئی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف فوج کا اوتھ پڑھ رہے تھے تو انہیں اپنا بھی اوتھ پڑھنا چاہئے۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کے اوتھ میں یہ لکھا تھا کہ سازش نہیں کرنی، نواز شریف اپنے اپنے ادوار میں میں کئی سازشیں کیں۔فواد چوہدری نے کہاکہ اگر جنرل ظہر الاسلام نے استعفیٰ مانگا تو میاں صاحب خاموش کیوں رہے ،تین سال خاموشی کے بعد آج یہ باتیں کیوں یاد آئیں ،میاں نواز کو اسی وقت بتانا چاہیے تھا۔ صحافی نے سوال کیاکہ اپوزیشن ملک بھر میں جلسے جلوس کرنے جا رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ نہ تیر چلے گا نہ تلوار چلے گی یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں