ایل این جی ریفرنس ،شاہد خاقان عباسی سمیت ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد

نیب سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کیخلاف نارروال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر نہ کر سکا، پھر مہلت مل گئی

منگل 20 اکتوبر 2020 13:27

ایل این جی ریفرنس ،شاہد خاقان عباسی سمیت ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ریفرنس میں نیب کی ملزمان پر فوری فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے جبکہ نیب سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کیخلاف نارروال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر نہ کر سکا۔منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔

دو غیر ملکی گواہان کی طلبی کے نوٹس بھیجنے سے متعلق تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ نیب نے فلپ ناٹمین اور شنا صادق کا کیس الگ کرنے کی درخواست کر دی اور موقف اپنایا کہ غیر ملکی گواہان کو نوٹس پہنچانے میں بہت وقت لگ جائیگا۔

(جاری ہے)

نیب نے شاہد خاقان عباسی و دیگر پر فرد جرم کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالت غیر ملکی ملزمان کا کیس الگ کر کے شاہد خاقان پر فرد جرم عائد کرے۔

شاہد خاقان کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نیب دراخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ملزمان نہیں آرہے تو پہلے وارنٹ جاری کیے جائیں۔ جج اعظم خان نے شاہد خاقان و دیگر پر فوری فرد جرم کی تاریخ مقرر کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پہلے غیر ملکی ملزمان سے متعلق فیصلہ کریں گے کہ انہیں دوبارہ سمن بھیجنے ہیں یا وارنٹ۔

دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجے گئے سمن کی تعمیلی رپورٹ آنے کا انتظار کر لیتے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔دوسری جانب نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں نیب نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کے لئے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کو آج تک ریفرنس کی مہلت دے رکھی تھی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا کہ پری ایگزیکٹو بورڈ میں ریفرنس پیش ہوا تھا، ابھی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ سے منظوری باقی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں