سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے ، فواد چوہدری کا الزام

اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں اور سازشیں ناکام بنانی ہوں گی ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اکتوبر 2020 10:47

سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے ، فواد چوہدری کا الزام
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی شبہ ہی نہیں کہ سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے۔اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جب اومنی والوں کے سامنے لائن لگا کر کھڑے ہوتے تھے تو بھی اس طرح کا ردعمل ہوتا ، پاکی داماں کی یہ حکائیت آگے بڑھی تو معاملات کھلیں گے ، اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں اور سازشیں ناکام بنانی ہوں گی۔

یاد رہے کہ آئی جی سمیت سندھ کے ایڈیشنل آئی جی اور ڈی جی آئی جی رینک کے تمام افسران چھٹیوں پر چلے گئے تھے ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب نے کہا کہ سندھ پولیس کے کام میں بے جا مداخلت ہوئی ہے،کیپٹن ر صفدر کی ایف آئی آر کے واقعے میں پولیس افسران کو بے عزت کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہرغیرمعینہ مدت کیلئے چھٹیوں پر چلے گئے ہیں ،کچھ کا کہنا ہے کہ 15روز کیلئے چھٹی پر گئے ہیں ، تاہم آئی جی سندھ دفتر بھی نہیں آئے ،اسی طرح ایڈیشنل آئی جی نے بھی دو ماہ کی چھٹی کی درخواست دے دی ،اسی طرح ا یڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے بھی دو ماہ کی چھٹی کی درخواست دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب نے اپنی درخواست میں مئوقف اختیار کیا کہ سندھ پولیس کے کام میں بے جا مداخلت ہوئی ہے ، کیپٹن ر صفدر کی ایف آئی آر کے واقعے میں پولیس افسران کو بے عزت کیا گیا ، دباؤ کے اس ماحول میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی مشکل ہے ، اس دباؤ سے نکلنے کیلئے مجھے 60 روز کی رخصت چاہیے ، ایسے ماحول میں کام نہیں کرسکتا۔

بتایا گیا کہ چھٹی کی درخواست دینے والوں میں سی سی پی او کراچی غلام نبی میمن، ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزثاقب اسماعیل میمن، ڈی آئی فنانس ذوالفقار مہر، ڈی آئی جی ویسٹ عاصم خان،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ قمر الزماں، ایس ایس پی انٹیلی جنس توقیر نعیم ،ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی، ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو،ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین، ایس ایس پی سنٹرل عارف راؤ اسلم، ڈاکٹر اجمل سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں