مہنگائی میں مزید اضافہ ، 14اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

22 اکتوبر2020ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران آلو، ٹماٹر، دال مسور، تازہ دودھ، دہی اور خشک دودھ مہنگا ہوا ، جب کہ پیاز، لہسن، چینی، چکن، دال چنا، دال ماش کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ، وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 12:34

مہنگائی میں مزید اضافہ ، 14اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ 22 اکتوبر2020ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں آلو، ٹماٹر، دال مسور، تازہ دودھ، دہی اور خشک دودھ سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں ، 11 اشیا کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ، جن میں پیاز، لہسن، چینی، چکن، دال چنا، دال ماش سمیت دیگر شامل ہیں ، تاہم 26 دیگر اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق کئی ہفتے سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.23 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکر 8.76 فیصد ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعظم کے نام ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان صاحب ہوشیار خبردار! خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں اپوزیشن تحریک وجہ نہیں ہے ، بلکہ اس کی وجہ عام پاکستانی ہیں جنہوں نے آپ سے امیدیں باندھیں ، مگر اس بھیانک مہنگائی نے ان کی زندگیاں وبال بنا دیں ہیں ، ان خیالات کا اظہار معروف صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دوٹوک انداز میں بتادینا چاہتا ہوں کہ کھانے پینے کی اشیاء اور یوٹیلیٹی بلز کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے، جس نے عام پاکستانیوں کی چیخیں نکال دی ہیں، عوام کو اعدادوشمار کی بہتر خبروں سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ کامران خان نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی اکثریت کو یقین تھا کہ آپ کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کی زندگی آسان ہوگی، عوام کو اعدادوشمار کی بہتر خبروں سے کوئی واسطہ نہیں ہے،ان کے نزدیک صرف ایک پیمانہ ہے کہ 2018ء میں اشیاء خردو نوش کی قیمتیں کیا تھیں اور اب کیا ہیں، ہم جانتے ہیں کہ آپ انتھک محنت کر رہے ہیں، مگر اس سے عام پاکستانی کی امیدیں پوری نہیں ہوں گی، بلکہ غریب اور عام پاکستانی آپ سے بد دل ہورہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں