پاک فضائیہ مادرِ وطن کے دفاع کوناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔سربراہ پاک فضائیہ

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:30

پاک فضائیہ مادرِ وطن کے دفاع کوناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔سربراہ پاک فضائیہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) پاک فضائیہ دشمن کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے ساتھ ساتھ ملکی دفا ع کو نا قابلِ تسخیر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ کی یونیورسٹی آمد پر ریکٹر نسٹ لیفٹینینٹ جنرل (ریٹائرڈ) نوید زمان نے ان کا استقبال کیا۔ یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کے دوران ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان کو دشمن کی جانب سے ففتھ جنریشن اور ہائبرڈ وار فئیر کے تناظرمیںگھمبیر مسائل درپیش ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہرشعبے بالخصوص ملکی دفاع میں خود انحصاری کے حصول کو یقینی بنا نے کے لئے ہمیں ٹیکنالو جی اورمقامی طور پر تیار کردہ منصوبوں کو فروغ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اہداف پر پوری توجہ مرکوز رکھیں اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ائیر چیف نے ملکی ترقی کے لئے نہایت ضروری سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کی جانے والی نسٹ کی خدمات کو بھی سراہا ۔ طلبہ اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد سربراہ پاک فضائیہ کا خطاب سننے کے لئے موجود تھی جس کے اختتام پر ائیر چیف نے حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا۔

بعدازاں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس میں ایک پودا لگایا جس کے بعد انہوں نے نسٹ میں موجود پاکستان کی پہلی اینوویٹو ہیلتھ ٹیکنالوجیز (N-Ovative Health Technologies) کا دورہ کیا ۔ جہاں ملکی سطح پر میڈیکل امپلانٹس اور امراض قلب میں استعمال ہونے والے سٹینٹ تیار کئے جا رہے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں