صحافی علی عمران کی گمشدگی، وفاقی وزیر نےمعاملہ مشکوک قرار دے دیا

صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کا واقعہ مشکوک لگتا ہے علی عمران فیلڈ رپورٹر ہیں اتنے بڑے اینکر نہیں جوانہیں لاپتہ کیا گیا، شبلی فراز

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 25 اکتوبر 2020 10:39

صحافی علی عمران کی گمشدگی، وفاقی وزیر نےمعاملہ مشکوک قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے نجی ٹی وی کے صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کے واقعے کو مشکوک قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کا واقعہ مشکوک لگتاہے علی عمران فیلڈ رپورٹر ہیں اتنے بڑے اینکر نہیں جوانہیں لاپتہ کیاگیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام صحافیوں اور کیمرےکے پیچھےکام کرنےوالوں کی عزت کرتاہوں، وفاقی سطح پرعلی عمران کے لاپتہ ہونےکےواقعےکی تحقیقات ہورہی ہے، میڈیا کا کام ایجنڈاسیٹنگ نہیں ہوناچاہیے۔ اپوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ یہ لوگ سپریم کورٹ پربھی حملہ کرتےہیں پھرتوجہ ہٹوادیتےہیں، ہمارا مقابلہ عیاردشمن سےہے،یہ ذاتی مفادات کا گروپ ہے یہ لوگ اپنےمفادات کےلیےکچھ بھی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ساری زندگی مقابلہ کرتےرہےہیں، وزیراعظم نےساری زندگی جدوجہدکی ہے گھبرانےوالےنہیں، عمران خان بھی یہ بات کہہ چکےہیں، جلسےہوتےرہتےہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صحافی لاپتا ہونے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے کہا کہ تمام صحافیو ں کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، سندھ حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں، وفاقی حکومت سندھ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے فون کیا ، جس میں شہزاد اکبر نے صحافی علی عمران سید کے لاپتا ہونے سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ نے آئی جی سندھ سے رابطہ کیا ہے ۔سندھ حکومت کر وفاق کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سندھ حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ تمام صحافیو ں کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں