مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوئی کثر اٹھا نا رکھیں گے، اسد قیصر

مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے جس کی آزادی تک ہم جدو جہد جاری رکھیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی

پیر 26 اکتوبر 2020 22:23

مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوئی کثر اٹھا نا رکھیں گے، اسد قیصر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے جس کی آزادی تک ہم جدو جہد جاری رکھیں گے،ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھولے اور پوری دنیا میں اس کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کیا جو ہر سال 27 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو تمام پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا، اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنی بھی کانفرنسز ہوی ہیں چاہے وہ اسپیکرز کانفرنس ہو یا پاکستان افغانستان تجارت وسرمایہکاری فارم، پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیحات میں رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر سختی سے عمل درآمد کرواتے۔سپیکر نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جبر اور ظلم نے دنیا اور خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے سے کشمیری عوام کو ان کی شناخت اور آزادی سے محروم کر دیا گیا جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کیے گے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز پالیسیوں کی عکاسی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھر پور انداز سے لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا کو یوم سیاہ کشمیر پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا کہا۔سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر فارم پر اجاگر کرتے رہینگے اور کشمیر کی آزادی کے لیے کسی قسم کی جدو جہد سے دریغ نہیں کرینگے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس اندوہناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب قابض بھارتی فوج نے جبری طور پر کشمیر پر قبضہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ گزشتہ 7 دہائیوں سے بھارت کی ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر جاری اس ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرارداد پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں