شاہ محمود قریشی کی صادق سنجرانی کی ملاقات ،اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو

پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت ہر پلیٹ فارم پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا ، وزیر خارجہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور پوری امہ شدید اضطراب کا شکار ہے، گفتگو

منگل 27 اکتوبر 2020 18:01

شاہ محمود قریشی کی صادق سنجرانی کی ملاقات ،اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی جس میں اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات مختلف پارلیمانی امور ،اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور پوری امہ شدید اضطراب کا شکار ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت ہر پلیٹ فارم پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا ۔دوران ملاقات، رونما ہونے والے حالیہ گستاخانہ واقعات اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، عالمی سطح پر وزیر اعظم عمران خان کے واضح اور دو ٹوک موقف کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں