خدشات درست ثابت ہونے لگے ، کورونا کے 885 نئے کیسزرپورٹ ، 14 مزید ہلاکتیں

مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 759 ہوگئی ، ملک میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد11 ہزار627 ہے ، این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 اکتوبر 2020 10:25

خدشات درست ثابت ہونے لگے ، کورونا کے 885 نئے کیسزرپورٹ ، 14 مزید ہلاکتیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے خدشات درست ثابت ہونے لگے ، عالمی وبا سے پاکستان میں مزید 14 افراد جان کی بازی ہور گئے ، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 759 ہوگئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 885 نئے کیسز بھی سامنے آگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 885 نئے کیسزرپورٹ ہونے کے بعد ملک میں عالمی وباء سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار200 تک پہنچ گئی ، جن میں سے 3 لاکھ 11 ہزار814 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اس وقت فعال کیسز کی تعداد11 ہزار627 ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صوبہ پنجاب میں 2 ہزار 342 ، صوبہ سندھ میں 2 ہزار 604 ، اور صوبہ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 271 تک پہنچ چکی ہے ، اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں 214، صوبہ بلوچستان میں 149، ‏گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 87 افراد عالمی وباء کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ، اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردو نواح میں کورونا کیسزکی تعداد 19 ہزار300ہو چکی ہے ، صوبہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 314، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار449، صوبہ خیبر پختونخوا میں 39 ہزار189، صوبہ بلوچستان میں 15 ہزار 859، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 200 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 889 تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی دوسری لہر شروع ہوچکی ، کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے،احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے سخت پابندیاں عائد کریں گے، کاروباری سرگرمیوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار میں کمی لائی جائے گی،پُرہجوم جگہوں پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا، مشاورت کے ساتھ آئندہ ایک 2روز میں نئی گائیڈلائنزجاری کریں گے ، کچھ ہفتے کورونا کیسز کی تعداد2 فیصد سے کم رہی، لیکن اب کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے، کورونا کیسز کی شرح بڑھ کراڑھائی ، پونے دو فیصد ہوگئی ہے ، شرح اموات بھی بڑھ رہی ہیں ،اسی لیے اب ہمیں سختی کرنا پڑے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں