ابھی ان کو ہاتھ نہیں لگے ، اپوزیشن کو معلوم نہیں حکومت کیا کرسکتی ہے ، فواد چوہدری

ہم نے تو 2 سال تک سیاست ہی نہیں کی ، اپوزیشن والے اتنے بڑے پہلوان نہیں کہ سمجھیں بلیک میل کرلیں گے یا فوج کو آنکھیں دکھالیں گے ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 اکتوبر 2020 11:14

ابھی ان کو ہاتھ نہیں لگے ، اپوزیشن کو معلوم نہیں حکومت کیا کرسکتی ہے ، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو معلوم نہیں حکومت ان کیساتھ کیا کچھ کرسکتی ہے ، ہم نے تو 2 سال تک سیاست ہی نہیں کی، مذاکرات گریبان پکڑ کر نہیں ہو سکتے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان پریشان ہیں یا ایسی کوئی اور بات ہے تو اس کا جواب ’زیرو‘ہے، کیوں کہ نا ہی اپوزیشن والے اتنے بڑے پہلوان ہیں کہ یہ سمجھیں بلیک میل کرلیں گے یا فوج کو آنکھیں دکھالیں گے، ابھی تو ان کو ہاتھ ہی نہیں لگے کیوں کہ ہم نے دو سال تک تو سیاست ہی نہیں کی، جے یو آئی ف 8 دن کی پارٹی ہے جو ہمیں آنکھیں دکھا رہی ہے ، مسلم لیگ ن جب دو تہائی اکثریت کے ساتھ بیٹھی تھی تو صرف دس دن لگے تھے اس کے بعد نظر ہی نہیں آرہی تھی کہ کہاں گئی ہے۔

(جاری ہے)


فواد چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ ایسی باتیں کر دیتے ہیں کہ جن سے معلوم ہوتا ہے ان لوگوں کو اداروں کی عزت کا بھی کوئی خیال نہیں ، نا ہی ان کو یہ پتا ہے کہ آرمی چیف کیا چیز ہوتاہے ، ڈی جی آئی ایس آئی کیا بلا ہوتی ہے ، وزیراعظم کی عزت کیا کرنی ہے ، میں تو ہمیشہ سے مذاکرات کا حامی ہوں اور سمجھتا ہوں کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیئے لیکن گریبان پکڑ کر مذاکرات نہیں کروائے جا سکتے، یہ تو ان لوگوں کی غلط فہمی ہے اور انہیں معلوم ہی نہیں کہ حکومت اگر اپنی پہ آئے تو ان کے ساتھ ہوگا کیا جس کا دل کرتا ہے منہ اٹھا کر وزیراعظم کو برا بھلا کہہ کر چلا جاتا ہے، عمران خان سے عزت کرانا چاہتے ہیں توعزت کرنابھی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں