ایاز صادق کی حب الوطنی پر شک نہیں کرسکتا، شاہ محمود

ایاز صادق جوش خطابت میں بہہ گئے اور وہ کہہ دیا جس کا فائدہ وہ بھارت اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے جو یہاں سے دم دبا کر بھاگا تھا ۔ وزیر خارجہ کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 30 اکتوبر 2020 14:27

ایاز صادق کی حب الوطنی پر شک نہیں  کرسکتا، شاہ محمود
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایاز صادق نے بالکل غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے لیکن ان کی حب الوطنی پر شک نہیں کرسکتا۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کچھ اطلاعات تھیں کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست اٹھانے کے بعد شدید ندامت اٹھانا پڑی ہے اور اس کی بوکھلاہٹ میں بھارت کوئی جارحانہ حرکت کرسکتا ہے، اس پر پارلیمنٹ اور پارلیمانی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں سینئر قیادت تھی اور میں بھی موجود تھا۔ہم نے پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لینا تھا ،وزیراعظم نے اس میٹنگ میں آنا تھا لیکن وہ ایک اہم انٹرنیشنل کال کے انتظار میں تھے اور اس میں تاخیر کی وجہ سے میٹنگ میں نہیں آ سکے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے ایاز صادق کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حب الوطنی پر شک نہیں کر سکتا لیکن ایاز صادق جوش خطابت میں بہہ گئے اور وہ کہہ دیا جس کا فائدہ آج بھارت اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

جب کہ بھارت یہاں سے دم دبا کر بھاگا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ میٹنگ کے بعد ہوا تھا جبکہ پاکستان کے فیصلے کو دنیا میں سراہا۔عمران خان نے معاملات کو ڈی فیوز کیا اور صورتحال کو بڑھنے سے روکا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ سردار ایاز صادق کے بیان پر دل بہت رنجیدہ اور دکھی ہوا ،ایاز صادق جیسے ذمہ دار آدمی کو ایسا بیانیہ نہیں دینا چاہیے تھا جس سے ملک کا وقار کم ہو اور دشمن خوش ہوا،ان کا بیان سچ ہے یا جھوٹ قابل مذمت ہے،نواز شریف ذہنی و جسمانی بیماری کا شکار ہیں ،ان کا علاج کروایا جائے، اس لیے شہباز شریف یا جو بھی بہتر ہے اس کو آگے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق نے جو بیانیہ دیا وہ سراسر زیادتی ہے یہ ہرگز محب الوطنی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کے اندر بھی غلطیاں ہوں گی ۔  

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں