ریٹائرڈ ایئر مارشل نے ایاز صادق کا بیان سوچا سمجھا منصوبہ قرار دے دیا

آپ پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر جان بوجھ کر ملکی مفاد کو نقصان پہنچائیں ، یہ غلطی نہیں بلکہ جرم ہے جس کو ایسے بخشا نہیں جانا چاہیئے ، ایئر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 10:09

ریٹائرڈ ایئر مارشل نے ایاز صادق کا  بیان سوچا سمجھا منصوبہ قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر2020ء) ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف نے کہ ہے کہ سابس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا بیان سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے ، جس پرانہیں معافی نہیں ملنی چاہیئے ، کیوں کہ یہ بیان زبان کا پھسل جانا نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، اس پر کوئی استشنی نہیں ہونا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر جان بوجھ کر ملکی مفاد کو نقصان پہنچائیں ،یہ غلطی نہیں بلکہ جرم ہے جس کو ایسے بخشا نہیں جانا چاہیئے ، کیوں کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے ایک من گھڑت کہانی بنا کر کہہ دیا کہ ہم نے بھارت کے حملے کے ڈر کی وجہ سے ابھی نندن کو واپس بھیجا ، حالاں کہ اس میٹنگ میں ایسی کوئی بات ہی نہیں ہوئی ، پاکستان کی ایک ایسی فتح جس پر پوری دنیا کی طرف سے تعریفیں کی گئیں ، جس کو بھارت خود بھی اس مان چکا تھا ، جس کے حوالے سے بھارت کے اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ملک کے پاس رافیل ہوتے تو نتیجہ کچھ اور ہوتا جس کا واضح مطلب یہ ہے انہوں نے شکست تسلیم کرلی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف ایک شہری نے غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے لاہور پولیس کو درخواست دے دی، جیل روڈ کے رہائشی فرقان احمد نے قومی سلامتی سے متعلق بیان پر تھانہ سول لائنز میں درخواست دی ، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 29 اکتوبر کی شام 7 بجے ایک ٹی وی پروگرام میں ایازصادق بھارتی فوج کے حق میں بول رہے تھے ، وہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے تھے ، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایاز صادق ایک بھارتی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے تھے اور پاکستان کی سلامتی اور عزت پر کھلم کھلا حملہ کر رہے تھے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے ،شہری نے پولیس کو درخواست میں استدعا کی کہ ایاز صادق کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں