شاہ محمودقریشی ۔۔۔ترک وزیرخارجہ۔۔۔ٹیلی فونک رابطہ

پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم مشکل وقت میں میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ، شاہ محمودقریشی

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 13:58

شاہ محمودقریشی ۔۔۔ترک وزیرخارجہ۔۔۔ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم مشکل وقت میں میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہیں ۔وزیرخارجہ نے ہفتہ کو اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفون پررابطہ کیا اورترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں آنیوالے شدید زلزلے اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترکی میں آنیوالے زلزلے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکٹرسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.6 تھی جس میں اب تک 24 افراد جاں بحق ، 804 افراد زخمی اور 17 سے زائد عمارات کے زمیں بوس ہونے کی اطلاعات ہیں ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زلزلے کے نتیجے میں ہونیوالے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان کے لوگ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو نہیں بھولے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمہ قسم کی معاونت کیلئے تیار ہیں ۔

انہوں نے پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے امدادی ٹیمیں اور فیلڈ ھسپتال بجھوانے کی پیشکش بھی کی۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے امداد کی فراہمی کی پیشکش اور نیک تمناو¿ں کے اظہار پر ،اپنی قیادت کی طرف سے صدر پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے، تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سر دست ہمیں کسی مادی معاونت کی ضرورت نہیں تاہم اگر ایسی کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی اس پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں