ترکی میں زلزلہ ، وزیراعظم نے دوست ملک کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھا دیا

ہم 2005 کے زلزلے میں ترکی کی امداد کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ، مشکل کی اس گھڑی میں ہم بھی ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہیں ، عمران خان کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 اکتوبر 2020 14:21

ترکی میں زلزلہ ، وزیراعظم نے دوست ملک کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ترکی میں آنے والے زلزلے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ہم 2005 کے زلزلے میں ترکی کی امداد کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ، مشکل کی اس گھڑی میں ہم بھی ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔


 یاد رہے کہ جمعے کے روز ترکی، بلغاریہ، یونان ،برطانیہ ،مصر اور لیبیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ، جب کہ ترکی کا شہر ازمیر زلزلے کی شدت سے لرز اٹھا ، غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی جب کہ ازمیر کے قریب ساحلی شہر میں سمندر کی سطح بلند ہوگئی اور پانی آبادی میں داخل ہوگیا ، زلزلے کے جھٹکے بلغاریہ ،یونان، برطانیہ، مصر اور لیبیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے کئی عمارات کے زمین بوس ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ، زلزلے کے باعث بھاری جانی اور مالی نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ، زلزلے کے خوف سے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے ، زلزے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ۔ ترک صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے ترک صدر نے 7شدت کے زلزلے کے بعد سب سے زیادہ متاثر شہر ازمیر کے جلدی ٹھیک ہونے کی دُعا کی گئی ، انہوں نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے حکومت تیار ہے اور تمام اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں کیلئے تمام مشینری استعمال میں لائی جا رہی ہے ، تمام ادارے اور وزراء پوری طرح مستعد ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں