وفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری کی حضورؐکے یوم ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کومبارکباد

کائنات کے ذرہ ذرہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضورؐکی معرفت عطا کی گئی، سیرتؐطیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے، بیان

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 15:20

وفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری کی حضورؐکے یوم ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کومبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے حضورؐکے یوم ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کائنات کے ذرہ ذرہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضورؐکی معرفت عطا کی گئی، سیرتؐطیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ’قومی رحمةالعالمین کانفرنس‘‘کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کچھ عرصہ قبل ایوان صدرمیں علما کرام اورمشائخ عظام کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا تھا جس میں انہوں نے تین نکات پر زوردیا تھا کہ محراب ومنبر سے ماحولیاتی آلودگی اور اس کے مضر اثرات کے حوالے سے عوام میں شعور بیدارکیا جائے، خواتین کو وراثت میں حصہ دینے اور زچہ وبچہ کی صحت کے حوالے سے علما کرام اپنا موثر کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ایسی کوئی اور نشست نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ قومی رحمة العالمین کانفرنس کا رواں سال عنوان’’ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے، اسی موضوع پر کتب سیرتؐ اورمقالات سیرتؐ بھی لکھے گئے ہیں جن میں سیرتؐطیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے حوالے سے مواد موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کی ذات اور شخصیت کو اللہ تعالیٰ نے رحمة العالمین کے منصب پر مبعوث فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کے ذرے ذرے کو حضورؐ کی معرفت عطا کی گئی ہے ،نبوت سے قبل آپ ؐجب تجارت کیلئے شام کے سفر پر جاتے تو راستے کے پتھر بھی آپؐ پر درود بھیجتے ، آپؐکا فرمان ہے کہ میں ان پتھروں میں سے ایک ایک کو خوب پہچانتا ہوں۔ انہوں نے علما کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آج سے اگلے جمعہ تک’’ہفتہ عشق رسولؐ‘‘منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ حضورؐکی شان میں ناپاک جسارت کرنے والے ملعونوں کو یہ پتہ چلے کہ وہ جب بھی ایسی جسارت کریں گے ہمارا عشق رسولؐ اتنا ہی بڑھتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر ان گستاخیوں کو روکنے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں