کورونا میں اضافہ کے رجحان کے پیش نظر تمام صوبائی ہسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 18:04

کورونا میں اضافہ کے رجحان کے پیش نظر تمام صوبائی ہسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،  نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر
اسلام آباد۔31اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) :نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر ( این سی او سی) کوروناکے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو فوری ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا کی متوقع صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر ( این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہفتہ کو این سی او سی میں منعقد ہوا جس میں تمام صوبوں کو فوری ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں تمام صوبوں کی توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا گیا کہ کورونا کی متوقع صورتحال کے پیش نظر تمام صوبے ہسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ تمام صوبے ہسپتالوں میں موجودہ طبی سہولیات کاجائزہ لیں اور صلاحیت میں اضافے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

تمام صوبے جاری شدہ ہدایات کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد کویقینی بنائیں۔

کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافے کی صورت میں مزید سخت اقدمات کئے جا سکتے ہیں جس کے لئے صوبے انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔دریں اثنا ہفتہ کو  نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار بھی جاری کئے ہیں۔  این سی او سی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے 807 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 11 افراد ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوویڈ ۔19 کے 21 ہزار 688 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 521, پنجاب میں 6 ہزار 631, خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 755, اسلام آباد میں 3 ہزار 902, بلوچستان میں 187,گلگت بلتستان میں 371, آزاد کشمیر میں 315 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 66 ہو چکی ہے۔گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کووڈ۔

19 کا کوئی بھی مریض اس وقت  وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کوروناکووڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 884 وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔19 کے 100 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 12 ہزار 121 ہے ۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 4 ہزار 82 ، بلوچستان میں 15 ہزار896 ، گلگت بلتستان میں4 ہزار 248، اسلام آباد میں 19ہزار 818 ، خیبر پختونخوا میں39 ہزار 458 ، پنجاب میں1 لاکھ 4 ہزار 16 اور سندھ میں1 لاکھ 45 ہزار 475 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کوویڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 806 ہے جن میں سے سندھ میں 2 ہزار 625 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران5 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 2 ہزار 357 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 276 ، اسلام آباد میں کل217 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، بلوچستان میں 149 اموات ، گلگت بلتستان میں 92 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 90 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔

اب تک ملک بھر میں کوویڈ۔19 کے 44 لاکھ 31 ہزار 225 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 735 ہسپتالوں میں 838 مریض زیر علاج ہیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں