صدرمملکت، وزیراعظم کا ترکی میں آنے والے زلزلے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار

ہم ترک قوم کے ساتھ اور اس کی معاونت کے لیے جو کچھ ہم سے بن پڑے گا کرنے کو تیار ہیں، عمران خان

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 18:34

صدرمملکت، وزیراعظم کا ترکی میں آنے والے زلزلے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ترک صدر طیب اردوان اور ترکی کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ترک قوم کے ساتھ اور اس کی معاونت کے لیے جو کچھ ہم سے بن پڑے گا کرنے کو تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ 2005میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں تباہ کن زلزلے کے بعد جس انداز میں ترکی ہمارے ساتھ کھڑا ہوا، اسے ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر مملکت کی جانب سے ایک جاری بیان میں ازمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت کا پیغام پہنچائیں۔صدر مملکت کے پیغام میں کہا کہ ہم واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں