آئندہ پانچ چھ ماہ میں کورونا کی ویکسین آنے کی اُمید ہے

کورونا ویکسین آنے تک صرف اور صرف احتیاط کرنا ہو گی ، اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ سربراہ کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاءالرحمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 نومبر 2020 15:18

آئندہ پانچ چھ ماہ میں کورونا کی ویکسین آنے کی اُمید ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2020ء) : کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں کورونا کی ویکسین آ جائے گی۔ جب تک کورونا کی ویکسین نہیں آتی ، ہم سب کو احتیاط کرنا ہو گی اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کورونا کی جینز میں تبدیلی آ رہی ہے جو پریشان کُن ہے۔

کورونا کی دوائی آنے میں تو کئی سال لگیں گے لیکن ویکسین سے متعلق اُمید کی جا رہی ہے کہ پانچ، چھ ماہ تک آ جائے گی۔ ڈیڑھ سو کمپنیاں کورونا کی ویکسین بنا رہی ہیں جن میں سے 10 ، 12 کے کلینیکل ٹرائلز بھی ہو رہے ہیں۔ دو کمپنیوں کے کلینیکل ٹرائلز پاکستان میں بھی ہو رہے ہیں۔ تاہم یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جو ویکسین آئے گی ، وہ کتنے مہینے تک اثر رکھے گی ، کیا ہر تین ماہ کے بعد آپ کو ویکسینیشن کروانا پڑے گی یا پھر دو سال تک اس کا اثر رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
واضح رہے کہ کورونا دن بدن شدت پکڑ رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 59 اموات ہوئیں۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 اور مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 803 ہو گئی۔

این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 583 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 115ہے۔ملک بھر میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 947 ہے۔ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عوام کو ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی کیں جبکہ ملک بھر میں تعلیمی ادراے بھی بند کر دئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں