اسد قیصر کی زیر صدارت کمیٹی برائے کوونا کا اجلاس ، اپوزیشن کا بائیکاٹ ،وزراء پی ڈی ایم قیادت پر برس پڑے ، جلسے منسوخ کر نیکا مطالبہ

اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ،قومی قیادت کو اپنے طرز عمل کو بدلنا ہوگا، اسد عمر … اپوزیشن جماعتوں کو اجلاس میں شرکت کر نی چاہیے تھی ، اسد قیصر

بدھ 25 نومبر 2020 15:56

اسد قیصر کی زیر صدارت کمیٹی برائے کوونا کا اجلاس ، اپوزیشن کا بائیکاٹ ،وزراء پی ڈی ایم قیادت پر برس پڑے ، جلسے منسوخ کر نیکا مطالبہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائے کوونا کے اجلاس میں وزراء ایک بار پھر اپوزیشن پر برس پڑے اور جلسے فوری منسوخ کر نے کا مشورہ دیدیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاہے کہ اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ،قومی قیادت کو اپنے طرز عمل کو بدلنا ہوگا۔

بدھ کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کا کوئی نمائندہ پیش شریک نہیں ہوا تاہم اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر ،معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان ، وزیر مملکت علی محمد خان ، حکومت کے اتحادی رہنمائوں میں امین الحق، سینیٹر ستارہ ایاز اور غوث بخش مہر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں این سی او سی حکام کی جانب سے اجلاس کو کرونا سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو کرونا سے متعلق پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کرونا کی صورتحال کو سمجھیں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں کرونا صورتحال کو مدنظر رکھ کر متفقہ فیصلے کرنے چاہیے ،اپوزیشن سے خود رابطہ کیا اور اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی،اپوزیشن کے شرکت سے انکار کی وجہ وہ خود بتا سکتے ہیں۔

اجلاس کے دور ان ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفننگ دی۔ ہسپتالوں میں موجود سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔این سی او سی حکام نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دی اور کہاکہ کرونا کی دوسری لہر میں شدت آئی ہے،عوام کو کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے،اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے،قومی قیادت کو اپنے طرز عمل کو بدلنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کو فوری جلسے منسوخ کر دینے چاہئیں ۔اسد عمر نے کہاکہ ہمیں لوگوں کو سمجھانا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں، کورونا کی دوسری لہر بہت خطرناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ بڑی تعداد میں لوگ ہسپتالوں میں جا رہے ہیں،لوگوں کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ معاون خصوصی برائے سیاسی امورملک عامر ڈوگر نے کہاکہ عوام کی زندگیاں خطرے میں ہیں ایسے موقع پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،اپوزیشن کا اجلاس میں نہ آنا سمجھ سے بالا تر ہے۔

عامر ڈوگر نے کہاکہ اسپیکر نے ہمیشہ اپوزیشن کو عزت اور ایوان کو بہتر انداز میں چلایا۔ غوث بخش مہر نے کہاکہ پی ڈی ایم جلسوں میں عوام کو کہا جارہا ہے کہ آپکو جنت کا ٹکٹ ملے گا، جب تک قیادت سے بات نہیں کی جائے گی، کورونا کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں