محسن داوڑ نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا

میں آئندہ پی ڈی ایم کے کسی بھی جلسے یا اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا، پارٹی رہنماؤں، دوستوں اور کارکنان کی مشاورت سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، محسن داوڑ کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 25 نومبر 2020 20:42

محسن داوڑ نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 نومبر 2020ء) حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں شریک محسن داوڑ نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغامات کے ایک سلسلے میں محسن داوڑ نے لکھا کہ ’’ میں یہ اعلان کررہا ہوں کہ میں اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہوں، اور اب سے ان کے کسی جلسے یا اجلاس کا حصہ نہیں ہوں گا۔

میں نے پارٹی رہنماؤں، دوستوں اور کارکنان کی مشاورت سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتوں نے کھل کا یا ڈھکے چھپے الفاظ میں میری موجودگی سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، اس قسم کی رکاوٹوں سے ہماری حقوق کے لیے جدوجہد متاثر ہو سکتی ہے، ہم پی ڈی ایم کے جمہوریت کی آزادی اور بقا کے مطالبے کی حمایت کرتے رہیں گے، ہم اپنے لوگوں کے حقوق اور انصاف، اور قانون کی آزادی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے ملتان جلسے پر مدعو کیا ہے، پھر اے پی سی میں شامل کیا جس کے نتیجے میں پی ڈی ایم بنی اور پھر کراچی میں میرا استقبال کیا اور میری سپورٹ کی ۔ میں ان تمام افراد کا مشکور ہوں جو میرے لیے کھڑے ہوئے ، اور میرے لیے آواز اٹھائی ۔ محسن داوڑ نے مزید کہا کہ میں اختر مینگل اور مالک بلوچ صاحب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے کوئٹہ جلسے میں مدعو کیا، کمزور طبقے کے حقوق کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہماری مشترکہ جدوجہد طاقت ور طبقے کے ہاتھوں پسے ہوئے کمزور طبقے کے لیے ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں