وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اجلاس ، آرمی چیف کی شرکت

کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، عمران خان کا اجلا س سے خطاب کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کے لئے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے،وزیر اعظم

جمعرات 26 نومبر 2020 22:16

وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اجلاس ، آرمی چیف کی شرکت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء شیخ رشید احمد، اسد عمر، فیصل واوڈا اور مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کے تحت 100 سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہیں جو 1.117 ٹریلین روپے کی لاگت سے مکمل ہونگے اور ان منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبار سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، ہر سال مون سون کے دوران کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیر قانونی تعمیرات ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے واضح ہدایت دی کہ کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کے لئے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے کراچی کو پانی فراہم کرنے کے کے فور منصوبے کی استعداد اور افادیت بڑھانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت تکنیکی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں