کورونا کے فعال کیسز 46 ہزار سے تجاوز کرگئے ، ایک دن میں مزید 45 اموات

ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 45 نئے کیسز سامنے آگئے ، این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 نومبر 2020 10:44

کورونا کے فعال کیسز 46 ہزار سے تجاوز کرگئے ، ایک دن میں مزید 45 اموات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہونے لگا ، جہاں ملک میں اس وقت عالمی وباء کے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار861 ہوچکی ہے ، کیوں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 ہزار 45 نئے کیسز سامنے آگئے ، مزید 45 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کی وجہ سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 942 ہوچکی ہے ، جب کہ ملک میں‌ اب تک مجموعی طور پر کورونا کے 3 لاکھ 92 ہزار 356 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے اس وقت فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 861 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 898 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک 2 ہزار 960 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں ایک لاکھ 70 ہزار 206 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک 2 ہزار 897 افراد چل بسے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 46 ہزار 604 ہوچکی ہے ، جب کہ صوبے میں ایک ہزار 355 افراد کی موت واقع ہوئی ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک 17 ہزار 46 مریض سامنے آئے ، جن میں سے 165 مریضوں کا انتقال ہوگیا ، اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپر کیسوں کی تعداد 29 ہزار 427 بتائی گئی ہے ، جہاں مرنے والوں کی تعداد 307 ہے ، گلگت بلتستان میں اب تک4 ہزار 619 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ، جن میں سے97 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہزار 556 ہے ، جن میں 161 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں