عوام کیلئے بری خبر! حکومت کا بجلی مزید مہنگی کرنے کا عندیہ

بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا تو ضرور کیا جائے گا ، وفاقی وزیر حماد اظہر کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 نومبر 2020 11:06

عوام کیلئے بری خبر! حکومت کا بجلی مزید مہنگی کرنے کا عندیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر2020ء) حکومت ایک بار پھر ملک میں بجلی کی قیمتوں میں ضافے کا عندیہ دے دیا ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کہتے ہیں کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا تو ضرور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ، جیسے ہی ہمیں موقع ملے گا تو آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کر دیا جائے گا کیوں کہ معاشی استحکام کے باوجود آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا ضروری ہے ، اس سلسلے میں ہماری کوشش ہوگی کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں میں کم سے کم اضافہ کیا جائے لیکن اگر قیمتیں بڑھانا پڑیں تو ضرور بڑھائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 48پیسے کا اضا فہ کر دیا تھا جس سے صارفین کو 5ارب کا اضافی بوجھ برداشت کر نا پڑے گا ، نیپرا کا کہنا ہے کہ اگست میں بجلی کی پیشگی فیول لاگت 3روپے 20 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ پیداور ی لاگت 3روپے 68 پیسے فی یو نٹ تھی بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کی صارفین سے اضافی وصولی نومبر کے مہینے میں کی جائے گی ، یہ اضافہ صرف ایک ماہ کے لیے کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نیپرا نے صارفین پر 82 ارب 69 کروڑ روپے اضافی بوجھ ڈالنے پر غور شروع کردیا ، بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے نیپرا کو درخواست کی گئی ہے کہ بجلی کی پیداوار کے لیے اخراجات بڑھنے کے بعد 82 ارب 69 کروڑ روپے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے، اس صورت میں بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا ۔ اس حوالے سے ترجمان نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے درخواست دی ہے۔

ترجمان نیپرا کا کہنا تھا کہ بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے رواں سال اپریل سے جون تک کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے ، کمپنیوں نے کیپیسٹی پرچیز پرائس کی مد میں 81ارب 10کروڑ روپے مانگے ہیں جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں 56 کروڑ70لاکھ روپے مانگے گئے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں