وفاقی حکومت نے مارکیز اور ٹینٹ میں شادیوں کی اجازت دے دی

شادی کی تقریبات کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دئے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 28 نومبر 2020 15:14

وفاقی حکومت نے مارکیز اور ٹینٹ میں شادیوں کی اجازت دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 نومبر 2020ء) : وفاقی حکومت نے شادی کی تقریبات کے لیے نئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے مارکیز اور ٹینٹس میں شادی کی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مارکیز اور ٹینٹ میں شادیوں کی اجازت دے دی ہے۔ حکومتی فیصلے کے مطابق ہوا دار مارکیز اور ٹینٹوں میں تقریبات منعقد کی جا سکیں گی۔

مکمل طور پر بند مارکیز میں شادی بیاہ کی تقریبات کو ایس او پیز کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری احکامات میں مارکیز کا ڈیزائن بھی دیا گیا اور کہا گیا کہ مارکی کی چھت اور مارکی میں چار سے پانچ فٹ کا فاصلہ ہونا چاہئیے تاکہ ہوا کی کراسنگ ہو سکے جبکہ بند شادی ہالز میں تقریب منعقد کرنے کے لیے ہال میں 14 سے 15 کھڑکیاں ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دس ہزار آٹھ سو مربع فٹ کے شادی ہال میں تین سو مہمانوں، نو ہزار مربع فٹ میں اڑھائی سو مہمانوں اور سات ہزار دو سو مربع فٹ میں دو سو مہمانوں کا انتظام کیا جا سکے گا۔ حکومتی فیصلے میں کہا گیا کہ نئے ایس او پیز کے تحت شادی کی تقریبات منعقد کی جا سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے میں تمام شادی ہالز پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم دوسرے مرحلے میں وفاقی حکومت نے ایڈشنل احکامات جاری کر کے عوام کو خوشخبری سنا دی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو تشویشناک قرار دے دیا گیا ۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 45 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 3045 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ حکومت نے عوام کو ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ اس عالمی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں