شاہ محمود قریشی کی نائجر کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں ،مخدوم شاہ محمود قریشی دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان اور نائجر کے مابین باہمی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:50

شاہ محمود قریشی کی نائجر کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر نائجر کے وزیر خارجہ کلّہ انکوراؤ کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور نائجر کے مابین دو طرفہ تعلقات، یکساں مذہبی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں ،پاکستان اور نائجر کے مابین اقتصادی تعاون کا فروغ ہماری انگیج افریقہ پالیسی کا اہم حصہ ہے ۔

وزیر خارجہ نے اپنے نائجر ہم. منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں انہوںنے کہاکہ بھارت، فورتھ جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈال کر مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے ،مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نائجر کی حکومت کا اصولی اور واضح موقف قابلِ ستائش ہے ۔

وزیر خارجہ نے کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی حمایت ہر نائجر کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان اور نائجر کے مابین باہمی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ،وزیر خارجہ نے نائجر کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔نائجر کے وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں