وزارت صحت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم سے اضافی فنڈز مانگ لیے

ساڑھے 59 کروڑ کے اضافی فنڈز سے آئسولیشن مراکز میں بیڈز کی تعداد150 کی جائے گی، فیڈرل جنرل ہسپتال میں 100 بستروں کا آئسولیشن سینٹر قائم ہوگا۔ وزارت قومی صحت کا مراسلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 نومبر 2020 16:20

وزارت صحت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم سے اضافی فنڈز مانگ لیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) وزارت قومی صحت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ساڑھے 59 کروڑ کے اضافی فنڈز مانگ لیے ہیں، وزارت نے وزیراعظم عمران خان کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ جس میں آئسولیشن وارڈز بنانے کیلئے فنڈ مانگے گئے،آئسولیشن ہسپتالوں کیلئے بستروں کی تعداد 50 سے 100 بیڈ کرنے کا منصوبہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وباء کی دوسری لہر کی شدت میں تیزی کے ساتھ ہی وزارت صحت بھی متحرک ہوگئی ہے۔

وزارت صحت نے وزیراعظم عمران خان کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں اسلام آباد میں مزید آئسولیشن مراکز قائم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ان مراکز کو قائم کرنے کیلئے اضافی فنڈز کی درخواست کرتے ہیں۔وزارت صحت کو ہسپتالوں میں استعداد بڑھانے کیلئے ساڑھے 59 کروڑ کے اضافی فنڈز دیے جائیں۔

(جاری ہے)

اضافی فنڈز سے نئے وارڈ بنائے جائیں گے۔

ان آئسولیشن مراکز میں مریضوں کیلئے 150 اضافی بستر دستیاب ہوں گے۔اسی طرح پہلے سے موجود آئسولیشن ہسپتال کی استعداد بڑھانے کیلئے بستروں کی تعداد 50 سے 100 بیڈ کرنے کا منصوبہ ہے، اس مد میں 54 کروڑ کے فنڈز درکار ہیں۔اسی طرح فیڈرل جنرل ہسپتال میں 100 بستروں کا آئسولیشن سینٹر قائم ہوگا، جس کیلئے محکمے کو 53 ملین کے فنڈز درکار ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے تکنیکی گرانٹ کی سمری ای سی سی بھجوانے کی تجویز ہے۔

 مزید برآں پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے شرح اموات 2.02 فیصد جبکہ عالمی سطح پر 2.33 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 71 فیصد مرد ہیں۔ جاں بحق افراد میں سے 76 فیصد کی عمریں 50 سال سے زائد تھیں۔91 فیصد افراد کا انتقال اسپتالوں میں ہوا جن میں سے 58 فیصد وینٹی لیٹرز پر تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں