احتساب عدات کے سابق جج ارشد ملک کورونا سے انتقال کر گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 دسمبر 2020 11:00

احتساب عدات کے سابق جج ارشد ملک کورونا سے انتقال کر گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2020ء) : احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا سے انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق جج ارشد ملک گذشتہ کچھ روز سے شفا اسپتال میں زیر علاج تھے، طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد اُن کا انتقال ہو گیا ہے۔

اُن کے سوگواران میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 24 دسمبر 2018ء میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل مل کے مقدمے میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے بعد سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ان کی ایک مبینہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہیں کہتے ہوئے سنا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں سزا دینے کے لیے ان پر دباؤ تھا۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں ارشد ملک کو یہ کہتے ہوئے سنایا گیا کہ نواز شریف کو سزا سناکر میرا ضمیر ملامت کررہا ہے اور ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔ جج نے ناصر بٹ کو کہا کہ نواز شریف پر نہ کوئی الزام نہ ہی کوئی ثبوت ہے۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ارشد ملک کو ان کے مس کنڈکٹ کی وجہ سے احتساب عدالت کے جج کے طور پر کام کرنے سے روکتے ہوئے اُنہیں لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

جج ارشد ملک کے خلاف تحقیقات کے لیے کیس وزارت قانون کو بھیج دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ارشد ملک کو لاہور ہائی کورٹ بھیج دیا تھا اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی تھی۔ جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل عدالت عالیہ کی انتظامی کمیٹی نے ویڈیواسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔ ارشد ملک ڈیپوٹیشن پر اسلام آباد میں تعینات ہوئے اور وہ لاہور ہائیکورٹ کے ہی ماتحت تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں