چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر ویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل

رشکئی اکنامک زون خیبرپختونخوا کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر چشمہ رائٹ بینک کنال سمیت دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

جمعہ 4 دسمبر 2020 17:41

چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر ویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر ویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرِ صدارت خیبرپختوخواہ میں سی پیک کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر اعلیٰ سطحی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی شرکت۔

اجلاس کہ دیگر شرکاء میں وفاقی اور صوبائی وزراء پرویز خٹک، اسد عمر، علی آمین گنڈا پور ، تیمور سلیم جھگڑا، ممبر نیشنل اسمبلی شیخ یعقوب سمیت سی پیک ریگولیٹری اتھارٹی، واپڈا، پاکستان ریلوے اور دیگر محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

اجلاس میں رشکئی اکنامک زون کے افتتاح پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور کرونا وباء کی صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی خان اکنامک زون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈی آئی خان اکنامک زون کو سپیشل صنعتی زون بنانے پر غور کیا گیا اور متعلقہ اداروں کو جامعہ منصوبہ جمع کرنے کی ہدایات دی گئی۔

اجلاس میں ہری پور حطار اکنامک زون کے فیس ٹو پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے سی پیک کا باقاعدہ حصہ بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو جامع پلان جمع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی۔اجلاس میں چشمہ رائٹ بینک کنال کی افادیت پر بھی تفصیلی بات ہوئی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیرِ صدارت اسٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔

کمیٹی کے دیگر شرکائ میں وفاقی وزرائ علی آمین گنڈا پور، اسد عمر، فیصل واڈا، مراد سعید، ڈی آئی خان سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شیخ یعقوب صوبائی وزیر خیبر پختونخوا تیمور سلیم جگڑہ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شامل ہونگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا اس منصوبے کی کامیابی سے صوبہ زراعت کے شعبے میں خود کفیل ہو گا اور ڈی آئی خان و دیگر قریبی اضلاع میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی اور خوشحالی کی منصوبہ ہے اور اس کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے متعلقہ محکموں ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہون نے کہا کہ سی پیک ہی ایک منصوبہ ہے جس کے ذریعے عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ان منصوبوں کی جلدی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں