پاکستان میں ڈی آئی آر بی ایس سسٹم سے موبائل فون اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا

اسمگلنگ ختم ہونے سے ریونیو22 ارب سے بڑھ کر54 ارب روپے ہوگیا، سالانہ تقریباً 4 کروڑ موبائل فون خریدے جاتے ہیں، کئی انٹرنیشنل کمپنیاں موبائل فون مینوفیکچرنگ میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ وزیراعظم کو موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی سے متعلق بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 دسمبر 2020 18:30

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کو موبائل فون کی اسمگلنگ بارے بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں ڈی آئی آر بی ایس سسٹم سے موبائل فون اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا، موبائل فون اسمگلنگ ختم ہونے سے ریونیو22 ارب سے بڑھ کر54 ارب روپے ہوگیا۔ ملک میں سالانہ تقریباً 4 کروڑ موبائل فون خریدے جاتے ہیں، کئی انٹرنیشنل کمپنیاں موبائل فون مینوفیکچرنگ میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ کے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعتی پیداوار حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونِ خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری، چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی، چیئرمین پی ٹی اے میجر ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارت صنعتی پیداوار موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ موبائل فون کے متعلق پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ ملک میں سالانہ تقریباً چار کروڑ موبائل فون خریدے جاتے ہیں۔ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے اطلاق کے بعد موبائل فون اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ موبائل فون کی اسمگلنگ ختم ہونے سے ریونیو22 ارب سے بڑھ کر 54 ارب روپے ہوگیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کئی انٹرنیشنل کمپنیوں کی پاکستان میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کیلئے بھی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صنعتکاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ سرمایہ کاری اور صنعتکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ ہمارا مقصد ملک میں صنعتی پیداوار کو بڑھانا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں