لاہور کا جلسہ جعلی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا ،غفوری حیدری

اگر ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی گئی تو انجام بہت برا ہوگا،،حکمران اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کورونا کی آڑ لے رہے ہیں ،جب کورونا نہیں تھا تو انہوں نے کیا تیر مارا تھا، پریس کانفرنس

ہفتہ 5 دسمبر 2020 16:19

لاہور کا جلسہ جعلی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا ،غفوری حیدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ جعلی اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا ،اگر ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی گئی تو انجام بہت برا ہوگا،،حکمران اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کورونا کی آڑ لے رہے ہیں ،جب کورونا نہیں تھا تو انہوں نے کیا تیر مارا تھا ، کسی بھی مرحلے پر جیل بھرو تحریک شروع کر سکتے ہیں ،ملتان جلسے کو روکنے اور کارکنوں کی گرفتاریوں و تشدد کے خلاف (آج)تمام ضلعی ہیڈ کوارٹز میں احتجاج ریکارڈ کرائینگے ، حکمرانوں کے پاس پاس اکثریت نہیں اقلیت ہے ، آپ کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے ،8 دسمبر کے سربراہی اجلاس میں بڑے فیصلے ہونگے،نوازشریف کا لاہور جلسے کے خطاب سے فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی،تحریک عدم اعتماد کے فیصلے بھی ہماری قیادت کرے گی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت ہٹاؤ تحریک شروع ہے اور اب تک 5 بڑے جلسے ہوچکے ہیں ، انہوںنے کہاکہ گوجرانولہ، کراچی، کوئٹہ اور پشاور بعد ملتان میں جلسہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ماسوائے سندھ کے جہاں بھی پی ٹی آئی کی حکومت تھی وہاں جلسے کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح ملتان میں جلسہ کو سبوتاژ کرنے کے حربے استعمال کئے گئے وہ انتہائی شرمناک ہے ،ایسی قدغنیں آمریت میں بھی نہیں دیکھی ،ہم نے ضیاء الحق کی آمریت کو بھی چیلنج کیا ،مشرف کی آمریت کو بھی جے یو آئی نے چیلنج کیا مگر ایسی فسطائیت اور ہتھکنڈے تب بھی نہیں دیکھے ۔

انہوںنے کہاکہ ملتان میں پانچ روز قبل ہی ہمارے جنوبی اضلاع کے ذمہ داران کو گرفتار کیا گیا ،پی ڈی ایم سے وابستہ ن لیگ، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے ذمہ داران بھی گرفتار کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ملتان میں جلسہ گاہ سے متعلق ضروری سامان اٹھایا گیا اور سٹیڈیم میں پانی چھوڑا گیا ،ملتان جلسہ گاہ کے ساتھ جی ٹی روڈ تک کو بلاک کیا گیا مگر قیادت کے ساتھ کارکنان پرعزم تھے ،حکومت مجبور ہوکر پیچھے ہٹی، ہم نے ملتان کی تاریخ میں سب سے بڑا جلسہ رکاوٹوں کے باوجود کیا ،بعد از خرابی بسیار ، بہت بڑی پسپائی ہوئی حکومت وقت کو ۔

انہوںنے کہاکہ ایک طرف کہتے ہیں جمہوریت ہے، جمہور کو آزادی اظہار ہے دوسری جانب رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے سینکڑوں کارکنان 16 ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں ، ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ 13 دسمبر کو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں،لاہور جلسہ ایک ریفرنڈم ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ یہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کورونا کی آڑ لے رہے ہیں ،جب کورونا نہیں تھا تو اس وقت انہوں نے کیا تیر مارا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ مانتے ہیں کورونا وبا ہے ،کورونا ہمارے جلسوں پر چل دوڑتا ہے لیکن ان کے جلسوں میں نہیں جاتا،ہم شاید کسی مرحلے پر جیل بھرو تحریک کا آغاز کرسکتے ہیں۔ مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ تاجروں، مزدروں، ٹیچرز، ڈاکٹرز، وکلا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت پوری قوم سراپا ًاحتجاج ہے ۔

انہوںنے کہاکہ (آج)اتوار کو پی ڈی ایم کارکنان تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ اگر ملتان والا کھیل لاہور میں کھیلنے کی کوشش کی تو اس کا انجام بہت برا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ آپ تصادم کی صورتحال پیدا کررہے ہیں، کیا ہم نے آئین کی خلاف ورزی کی ،آپ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں جس کا علاج یہ ہے کہ آپ استعفیٰ دیکر گھر جائیں ۔

انہوںنے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اب آپ کے پاس اکثریت نہیں اقلیت ہے لہذا آپ کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ 8 دسمبر کے سربراہی اجلاس میں بڑے فیصلے ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ ہم تمام قوتوں کو بھی بتانا چاہتے ہیں ہم آئینی و سیاسی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں آپ بیچ میں نہ آئیں ،آپ اگر نام لینے سے بچنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو مداخلت سے باز آنا ہوگا۔

ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ہم تو استعفوں کے داعی ہیں ،اگر حکومت ہمارے خلاف ایف ائی آر کرتی ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف کا لاہور جلسے کے خطاب سے فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کے فیصلے بھی ہماری قیادت کرے گی۔ انہوںنے الزام عائد کیا کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ اور قادیانیوں کا سہولت کار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں