پاکستان نے ویکسین کی فنڈنگ کیلئے ورلڈ بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

ورلڈ بینک سے 153 ملین ڈالر امداد فراہمی کی درخواست کی جائے گی، ذرائع

ہفتہ 5 دسمبر 2020 17:38

پاکستان نے ویکسین کی فنڈنگ کیلئے ورلڈ بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) پاکستان نے ویکسین کی فنڈنگ کے لیے ورلڈ بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ورلڈ بینک سے ویکسین بکنگ کے لیے امداد کی درخواست کرے گا، ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک سے 153 ملین ڈالر امداد فراہمی کی درخواست کی جائے گی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک سے امداد کے لیے باضابطہ درخواست اقتصادی رابطہ ڈویژن کرے گی، اس سلسلے میں وزارت قومی صحت نے اقتصادی رابطہ ڈویژن کے نام مراسلہ بھیج دیا ہے جس میں کہا گیا کہ اقتصادی رابطہ ڈویڑن امداد کے لیے ورلڈ بینک سے باضابطہ درخواست کرے اور ورلڈ بینک سے فنڈنگ کریڈٹ 6590 معاہدے کے تحت امداد مانگی جائے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک سے امداد کی منظوری پر ویکسین کی بکنگ کرائی جائے گی، فنڈنگ کیلئے ورلڈ بینک سے بذریعہ ویڈیو لنک ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی ہے، کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا کہ پاکستان کرونا ویکسین ساز اداروں سے براہ راست رابطے کر رہا ہے، یہ رابطے گاوی کے ذریعے ہو رہے ہیں، ای سی سی ویکسین کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت صحت اور ای اے ڈی کو ورلڈ بینک اور عالمی ڈونرز سے رابطوں کی ہدایت ای سی سی نے کی تھی۔خیال رہے کہ پہلے فیز میں ایک کروڑ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین بکنگ کی تجویز ہے، جو ہیلتھ ورکرز اور بوڑھے شہریوں کو دی جائے گی، پاکستان نے ویکسین کی مفت اور رعایتی خریداری کے لیے بھی گاوی سے رابطے کیے ہیں، ذرایع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گاوی سے کرونا ویکسین 2021 کے اختتام پر ملنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں