چیئر مین سینٹ سے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کی ملاقات ،سی پیک سمیت مختلف منصوبوں پر گفتگو

گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ ہیں،شمالی علاقہ جات سیاحت کیلئے خاصی اہمیت رکھتے ہیں، چیئر مین سینٹ خطے کی ترقی و سماجی و اقتصادی خوشحالی کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے،ایوان بالا گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، گفتگو

جمعہ 15 جنوری 2021 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے گلگت بلتستان قانون سازی اسمبلی کے سپیکر نے ملاقات کی جس میں سی پیک سمیت مختلف منصوبوں پر گفتگو کی گئی ۔ جمعہ کو چیئرمین سینیٹ نے سید امجد علی کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ ہیں،شمالی علاقہ جات سیاحت کیلئے خاصی اہمیت رکھتے ہیں۔

صادق سنجرانی نے کہاکہ خطے کی ترقی و سماجی و اقتصادی خوشحالی کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے،ایوان بالا گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کی بدولت خطے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ امید ہے گلگت بلتستان کی نئی قیادت علاقے کی خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کرے گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیاں ادارہ جاتی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات اور گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے درمیان روابط مزید بڑھانے پر غور کیا گیا ۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ نئے منتخب اراکین قانون ساز اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پپس کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ادارہ جاتی سطح پر بہترین تعاون دیکھنے میں آیا ہے،چیئرمین سینیٹ نے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ،سپیکر گلگت بلتستان نے چیئرمین سینیٹ کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی عمل اور اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں