مستحقین کی بہتر نشاندہی احساس کے تمام عملدرآمدی اداروں کیلئے بہت اہم ہے ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

مستحق افراد کیلئے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام سماجی و معاشی اہداف کے حوالے سے پراکسی مینز ٹیسٹ میں تبدیلی کی ضرورت ہے،وزیر اعظم کی معاون خصوصی کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی اوراحساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مستحقین کی بہتر نشاندہی احساس کے تمام عملدرآمدی اداروں کیلئے بہت اہم ہے جو سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کے متعدد پروگراموں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احساس ون ونڈو پالیسی کے نفاذ کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کی نقل کو کم کرتے ہوئے پالیسی کیساتھ اس کی وابستگی کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔

اس کو سماجی تحفظ کے تمام اقدامات سے بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ متعدد پروگراموں کے ذریعہ ایک مخصوص گھرانے کو حاصل ہونے والے فوائد کا اندازہ لگایا جاسکے۔وہ گزشتہ روزیہاں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہی تھیں، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن میں احساس کے چار عملدرآمدی اداروں کے ہمراہ ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا جس کا مقصد مستحقین کی نشاندہی کیلئے باہمی تعاون کے نقطہ نظر کو فروغ دینا تھا جو ون ونڈو احساس کمپوننٹس میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کوبتایا گیا کہ مستحق افراد کیلئے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام سماجی و معاشی اہداف کے حوالے سے پراکسی مینز ٹیسٹ میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ احساس مستحقین کی بہتر نشاندہی کیلئے نئی قومی سماجی و معاشی رجسٹری تشکیل دے رہا ہے۔ رجسٹری کی تشکیل کے بعد، احساس ون ونڈو آپریشنز میں آسانی ہوجائے گی جس سے احساس کے عملدرآمدی اداروں کو حقیقی وقت میں سروے کے ڈیٹابیس سے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوسکے گی اوروہ ممکنہ مستحقین کی اہلیت کا پتہ لگانے کے اہل ہوجائیں گے۔

احساس این ایس سی آر سروے 63%مکمل ہو چکا ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ ڈیجیٹلی طور پر جون 2021تک یہ سروے مکمل ہو جائے گا۔ ڈیجیٹل این ایس ای آر سروے کے تحت گھرانوں کی پانچ حصوں میں درجہ بندی کی گئی ہے جو سماجی و معاشی حیثیت کے زمرے (ایس ای ایس 1تا5)پر مشتمل ہے۔ ایس ای ایس بینڈ کیساتھ مختلف پروگرام اس درجہ بندی کو اپنے مقاصد کیلئے اضافی اہلیت کے معیار کیساتھ استعمال کرسکیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری پی ایس ایس ڈی محمد علی شہزادہ کے ہمراہ ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور سی ای او پی پی اے ایف قاضی عظمت عیسی نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں