دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے،سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ،بین الاقوامی برادری بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

منگل 19 جنوری 2021 12:04

دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے،سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ،بین الاقوامی برادری  بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے،سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ،بین الاقوامی برادری  بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے۔افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں جو سپائیلر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم کا بیانیہ، پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے۔

منگل کو خطے کی صورتحال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نےکہا کہ پاکستان، بھارت کا اصلی چہرہ مسلسل دکھا رہا ہے ۔14 نومبر کو ڈوزئیر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔وزیرخارجہ  نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جھوٹی پراپیگنڈہ  مہم شروع کی لیکن ارنب گوسوامی کی "چیٹ "منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

بھارت نے پلوامہ ڈرامہ، سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے جو سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ۔بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے کہ وہ بھارت جسے وہ سیکولر ریاست سمجھتے تھے اس پر  ایک فاشسٹ، ہندوتوا حکومت مسلط ہے۔پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ہم چاہتے ہیں بین الافغان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں اور اپنے منطقی انجام تک پہنچیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں جو سپائیلر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے ہیں،جب حکومت، فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے تو پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا- وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں میرے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں وزارتِ خارجہ اس حوالے سے  واضح اور دو ٹوک موقف دے چکی ہیں پھر  ایسے بینرز لگانے کا مقصد محض سیاست کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کے طالب علموں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں یہ ملک کیلئے، ملکی معیشت کیلئے صحیح قدم نہیں ہے ۔مجھے یقین ہے کہ کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے ۔پیپلزپارٹی، وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے ۔لانگ مارچ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں ہے ۔پی ڈی ایم کا بیانیہ، پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے ۔پی ڈی ایم، نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستان مخالفت قوتوں کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں