حکومت راستے نہ کھولتی توہم کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے.مولانا فضل الرحمان

مریم نواز صحافیوں سے ریلی کی کامیابی کے حوالے سے معلومات لیتی رہیں‘پی ڈی ایم کی ریلی الیکشن کمیشن پہنچ گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 جنوری 2021 16:08

حکومت راستے نہ کھولتی توہم کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے.مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جنوری ۔2021ء) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر حکومت راستے نہ کھولتی توہم کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے جائیں گے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے محتاط لہجے میں گفتگو کر رہے ہیں ہمیں ان کی طاقت معلوم ہے یہ بازوآزمائے ہوئے ہیںراولپنڈی میں 5 فروری کو بڑا جلسہ ہو گا مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دشمن قوتوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کو فنڈنگ کی ہے. مولانا فضل الرحمان کے خطاب کے بعد ان کی قیادت میں پی ڈی ایم کا قافلہ ریلی کی صورت الیکشن کمیشن کی جانب روانہ ہو گیا آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر کیئے جانے والے احتجاج کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ شاہراہِ دستور کی طرف رواں دواں ہیں اس سے قبل مریم نواز ریلی کی صورت میں مری سے اسلام آباد میں واقع مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں سے وہ قافلے کی صورت سربراہ پی ڈی ایم کے ہمراہ الیکشن کمیشن کی جانب روانہ ہوئی ہیں.

الیکشن کمیشن کے باہر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے تعلق رکھنے والی مختلف جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو چکی ہے قائدین کے خطاب کے لیے وہاں خصوصی کنٹینر تیار کیا گیا ہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری احتجاج میں شریک نہیں ہیں پیپلزپارٹی کی نمائندگی شیری رحمان‘نیئربخاری اورفیصل کریم کنڈی کررہے ہیں.

مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں عوام بھرپور شرکت کریں گے صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ آج کی ریلی کتنی کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے؟جس پرمریم نواز نے صحافی کے سوال پر جواب میں ان ہی سے سوال کر ڈالا کہ یہ بتائیں کہ آپ کو ریلی کتنی کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے، آپ کی انفارمیشن کیا ہے؟مریم نواز نے کہا کہ عوام آئیں گے، عوام ضرور احتجاج میں شرکت کرنے آئیں گے.

انہوں نے کہا کہ تمام پی ڈی ایم رہنما مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر جمع ہو کر ان کی قیادت میں ایک ساتھ شاہرہ دستورکے لیے روانہ ہوں گے ادھر احتجاج کے لیے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے کارکن الیکشن کمیشن کے باہر پہنچنا شروع ہو گئے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کے لیے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے کارکن نوشہرہ سے بھی اسلام آباد پہنچے ہیں.

خیبر پختون خوا سے جے یو آئی( ف) اور مسلم لیگ نون کی ریلیوں کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے، یہ ریلیاں موٹر وے اور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد میں داخل ہو رہی ہیں. واضح رہے کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ پی ڈی ایم کی ریلی میں کوئی رکاوٹ نہ کھڑی کی جائے اور صرف ان افراد کے خلاف کاروائی کی جائے جو قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں