براڈ شیٹ کا معاملہ ، وزیراعظم عمران خان کا ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ

سابق جج کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جنوری 2021 11:05

براڈ شیٹ کا معاملہ ، وزیراعظم عمران خان کا ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2021ء) : براڈ شیٹ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سابق جج کی سربراہی میں براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں کابینہ کو براڈ شیٹ کیس کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے نیب اور براڈ شیٹ کے معاملے پر ریٹائرڈ ججز کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر تحقیقات کے لیے ایک نئی کمیٹی بنائی جائے گی، کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے۔

(جاری ہے)

کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کس نے کس کو کتنا فائدہ دیا کمیٹی 45 روز کے اندر تحقیقات مکمل کرے گی۔

پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ شیریں مزاری اور فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ براڈ شیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاوے موسوی نے مشیر برائے وزیراعظم شہزاد اکبر اور شریف خاندان سے متعلق اہم انکشافات کر چکے ہیں۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ کیس عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی تھی کہ براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ جبکہ براڈ شیٹ نے برطانوی عدالت کا فیصلہ جاری کرنے کی پاکستان کی درخواست قبول کر لی تھی۔ جس کے بعد براڈ شیٹ نے برطانوی عدالت کا فیصلہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ براڈ شیٹ نیب کیس کا فیصلہ اگست 2016ء میں سُنایا گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں