صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت کامسیٹس یونیورسٹی کی سینیٹ کا چوتھا اجلاس

ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعت وزراعت کے شعبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے،صدر مملکت کا یونیورسٹی انتظامیہ پر زور اجلاس میں سینٹ کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے ترقیوں سے متعلق سفارشات کی منظوری ،خلافِ قواعد پروموشن کرنے والوں کیخلاف ذمہ داری کا تعین کرنے پر اتفاق

بدھ 20 جنوری 2021 23:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کامسیٹس یونیورسٹی کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعت وزراعت کے شعبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیتے ہوئے چوتھے صنعتی انقلاب اور مصنوعی ذہانت جیسے نئے تکنیکی رجحانات سے فوائد حاصل کرنے کے لئے طلبا کی تربیت کا اہتمام کیا جائے۔

وہ بدھ کو یہاں کامسیٹس یونیورسٹی کی سینیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، سینیٹر رخسانہ زبیری اور رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس نے شرکت کی۔ سیکرٹری سائنس وٹیکنالوجی کیپٹن (ر)نسیم نواز اور سینیٹ کے دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مملکت نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعت وزراعت کے شعبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے۔

صدر عارف علوی نے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق کورس تیار کرنے اور صنعتوں کے ساتھ روابط مستحکم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نیمعیاری تعلیم کے فروغ اور یونیورسٹی میں گڈ گورننس یقینی بنانے کے لئے کیے گئے اقدامات پر صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے چوتھے صنعتی انقلاب اور مصنوعی ذہانت جیسے نئے تکنیکی رجحانات سے فوائد حاصل کرنے کے لئے طلبا کی تربیت پر زور دیا۔

اجلاس میں سینٹ کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے ترقیوں سے متعلق سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں خلافِ قواعد پروموشن کرنے والوں کے خلاف ذمہ داری کا تعین کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سرچ کمیٹی کی جانب سے ڈائریکٹر کیمپسز اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری سے متعلق سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سینیٹ کے دوسرے اور تیسرے اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ سینیٹ نے ملک بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سی یو آئی کیمپس قائم کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا۔ ریکٹر کامسیٹس نے کہا کہ ایک سو روزہ پرفارمنس پلان کے تحت یونیورسٹی کے طے کردہ اہداف اطمینان بخش حد تک حاصل کیے ہیں۔ صدر مملکت نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے اقدامات کی تعریف کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں