وزیر اعظم عمران خان کی جو بائیڈن کوصدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

امریکا کے ساتھ مظبوط تعلقات کے خواہاں ہیں‘امیدکرتے ہیں پاک امریکا تجارتی شراکت میں اضافہ ہوگا.وزیراعظم کا پیغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 جنوری 2021 23:25

وزیر اعظم عمران خان کی جو بائیڈن کوصدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جنوری ۔2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے. سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ دور صدارت کے آغاز پر میں صدر جو بائیڈن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ میں تجارت و اقتصادی سرگرمیوں، ماحولیاتی تغیر کے انسداد، صحت عامہ میں بہتری، بدعنوانی کے خاتمے اور خطے اور اس کے پار فروغِ امن کے ذریعے مضبوط تر پاک-امریکا شراکت داری کے لیے نئی امریکی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جو بائیڈن نے امریکا کے 46ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا اور ڈیموکریٹ رہنما کمالا ہیرس امریکا کی پہلی خاتون نائب صدر بن گئی ہیں گزشتہ روز امریکا کے نامزد وزیر دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن نے پاکستان کو افغان عمل کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خطے کا امن خراب کرنے والے کرداروں کو قابو میں رکھا جائے گا. امریکی میڈیا سے مستقبل کی دفاعی پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر بطور وزیر دفاع میری توثیق ہوجاتی ہے تو میں پاکستان کا تعاون حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، جبکہ افغان عمل میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والے کرداروں کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے.

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ امریکی درخواست پر پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے بھارت مخالف گروپوں کے خلاف اقدامات کیے ہیں اگرچہ یہ عمل ابھی نامکمل ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی امداد معطل کرنے سے باہمی تعاون متاثر ہوسکتا ہے جس میں افغان مذاکرات سے لے کر پلواما حملوں کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورت حال بھی شامل ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں