فارن فنڈنگ کیس ، وزیراعظم کے مطالبے پر اوپن سماعت ناممکن قرار

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کی پیشکش تو اچھی ہے مگر یہ ممکن نہیں بن سکے گی، الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بتائے اس کیس میں کیا ہے ، سینئر صحافی سلمان غنی کا تجزیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 12:46

فارن فنڈنگ کیس ، وزیراعظم کے مطالبے پر اوپن سماعت ناممکن قرار
اسلام آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کو ناممکن قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا تعلق ہے تو یہ پیشکش تو اچھی ہے مگر یہ ممکن نہیں بن سکے گی البتہ فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ضروری ہے۔

قومی اخبار کے لیے اپنے کالم میں انہوں نے لکھا کہ یہ کیس جس آئینی ادارے میں زیر سماعت ہے بنیادی ذمہ داری اس کی ہے کہ وہ بتائے کہ اس میں کیا ہے ، کون کون سی جماعتیں غیر قانونی طور پر فارن فنڈنگ میں ملوث ہیں ، اس ضمن میں سپریم کورٹ نے ایک ماہ کا عرصہ متعین کیا تھا ، لیکن اس کے باوجود یہ سالوں سے کیوں چل رہا ہے اور سکروٹنی کمیٹی کے پاس کون کون آنے سے گریزاں رہا؟ اسے ٹیسٹ کیس بنا لیا جائے اور میرٹ پر تحقیقات کر کے اس کا فیصلہ سنا دیا جائے تو اس سے قومی سیاست کا رخ بہتر سمت میں مڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر صحافی کے مطابق فارن فنڈنگ کیس کے ساتھ ساتھ براڈشیٹ سکینڈل بھی ملکی سیاست پر چھایا نظر آ رہا ہے ، مذکورہ سکینڈل 200 افراد کے بیرون ملک اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے ہے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری ہے کہ پہلے ان 200 افراد کے اثاثوں پر ہونے والی تحقیقات کو سامنے لایا جائے کہ یہ کون ہیں؟ اور اب ان کی پوزیشن کیا ہے؟ دوسرا اہم سوال یہ کہ کیا پاکستان میں کرپشن اور لوٹ مار میں صرف سیاستدان ہی ملوث ہیں ؟ اگر دیگر طبقات کے لوگ بھی شامل ہیں تو پھر احتساب کا شکنجہ صرف سیاستدانوں تک کیوں ہے؟۔

یہاں واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہیے ، چیلنج کرتا ہوں فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے ، فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر سماعت سننی چاہیئے ،چیلنج کرتا ہوں سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی، اوور سیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے ، میں نے شوکت خانم کی فنڈنگ سمندرپارپاکستانیوں سے کی ، اپوزیشن جماعتوں کو معلوم ہے اور مجھے بھی پتہ ہے فارن فنڈنگ کیا ، کئی ملک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہتے ہیں ،ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سے میں بتا نہیں سکتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں