مریم نواز کی مزید جائیدادیں سامنے آنے والی ہیں ، شیخ رشید احمد

الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر اپوزیشن نے تعاون کیا ، فارن فنڈنگ کیس دوسرا پانامہ ہوگا ، مریم نواز کو مشورہ ہے وہ دستاویز پڑھیں یا کسی سے پڑھوائیں ، وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 13:08

مریم نواز کی مزید جائیدادیں سامنے آنے والی ہیں ، شیخ رشید احمد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی مزیدجائیدادیں سامنےآنے والی ہیں ، فارن فنڈنگ کیس دوسرا پانامہ ہوگا ، مریم نواز کو مشورہ ہے وہ دستاویز پڑھیں یا کسی سے پڑھوائیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک میں مولانافضل الرحمان سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والے ہیں ، الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر اپوزیشن نے تعاون کیا ، پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کے سامنے شام غریباں منارہے تھے ، جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عمرکوٹ میں جشن منارہےتھے ، اسی لیے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے میں خوش ہوں ،کیوں کہ یہ لوگ سمجھ دار ہیں اور ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہاتھ کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے ملک بھر میں تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نادراکےمزید 3 سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے ، جب کہ نادراکی 300 نئی گاڑیاں بھی تیار ہو رہی ہیں کیوں کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ ہرروز جاری کرنے ہیں ، تاہم شناختی کارڈ صرف اسی کو ملے گا جو پاکستانی ہوگا ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ دنیا کے معیار کا ای پاسپورٹ بنانے جارہے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کےلیے پاسپورٹ مدت 10سال کررہے ہیں۔

دوسری طرف وفاقی حکومت نے یکم مئی سے ’ای پاسپورٹ‘ جاری کرنے کا اعلان کردیا ، وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ پاکستان یکم مئی سے ای پاسپورٹ کا آغاز کر رہا ہے ، ای پاسپورٹ سے انسانی اسمگلنگ روکنے میں بہت ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے آسٹریلوی ہائی کمشنر جیفری شاؤ نے ملاقات کی ، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ، ملاقات میں بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی ، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیت بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینجمنت ونگ قائم کردیا ہے ، غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے حوالے سے جامع اقدامات کررہے ہیں ، جب کہ پاکستان یکم مئی سے ای پاسپورٹ کا آغاز کر رہا ہے ، ای پاسپورٹ سے انسانی اسمگلنگ روکنے میں بہت ملے گی ، اس سلسلے میں افغانستان سے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں