بجلی 1 روپے 80 پیسے مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں درخواست دائر کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 13:34

بجلی   1 روپے 80 پیسے مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) بجلی کی قیمتوں میں مزید 1 روپے 80 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید 1 روپے 80 پیسے اضافہ کیا جائے ، کیوں کہ گزشتہ ماہ فرنس آئل پر12روپے27 پیسے میں مہنگی ترین بجلی پیداکی گئی، گزشتہ ماہ مجموعی طور پر7 ارب روپے 56 کروڑیونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

درخواست کے مطابق بجلی کی پیداواری لاگت 47 ارب 41 کروڑ روپے رہی ، اور بجلی کی اس پیداوار پر فیول لاگت 6 روپے26پیسے رہی ، جب کہ بجلی فیول لاگت ریفرنس پرائس ک اتخمینہ 4 روپے 46 پیسے لگایا گیا ، بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے موصول ہونے والی اس درخواست پر نیپرا رواں ماہ 27 جنوری کو سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی وفاقی حکومت نے بجلی 1 روپیہ 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی ، بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق نیپرا کی طرف سے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کو بجلی 1 روپیہ 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی ، جو کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینے کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ، اس کے علاوہ بھی نیپرا نے نومبر کے مہینے کے لیے بجلی کی قیمت میں 95 پیسے فی یونٹ اور اکتوبر کیلئے بجلی 57 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی ۔

ذرائع کے مطابق ان درخواستوں میں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سماعت مکمل ہونے کے بعد اکتوبر اور نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 6 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ، اکتوبر کے مہینے کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 29 پیسے فی یونٹ جب کہ ماہ نومبر کے لیے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 77 پیسے مہنگی کی گئی ہے ، تاہم اس حالیہ اضافے کے بعد صارفین پر 8 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں