براڈ شیٹ معاملے پر چیئرمین نیب کو طلب کرنے کا فیصلہ

نیب کی غلطیوں کی وجہ سے براڈ شیٹ ٹیکس دینے والے پاکستانیوں کا پیسہ لے گئی ، نیب چیئرمین کو بتانا پڑے گا کس کی غلطی سے اربوں روپے گئے ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین کا موقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 15:51

براڈ شیٹ معاملے پر چیئرمین نیب کو طلب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے براڈ شیٹ کے معاملے پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میاں جاوید لطیف کی زیرصدارت اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا ، جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ براڈ شیٹ کے حوالے سے پاکستان کی بہت بدنامی ہوئی ، نیب چیئرمین کو کمیٹی میں آکر بتانا پڑے گا ، کیوں کہ نیب کی غلطیوں کی وجہ سے براڈ شیٹ ٹیکس دینے والے پاکستانیوں کا پیسہ لے گئی ، قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ کس کی غلطی سے یہ اربوں روپے گئے ، چیرمین نیب کو اس کا جواب دہ ہونا چاہیئے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ براڈشیٹ معاملےمیں کمیٹی بلانے کی مجاز ہے ، قوم کو پتہ چلنا چاہیےکس کی غلطی کی وجہ سے یہ سب ہوا، اسی لیے وزیراعظم نےبراڈشیٹ پرکمیٹی بنائی جو 45 روزمیں کام مکمل کرے گی لیکن ،انکوائری کمیٹی رپورٹ سے پہلے کسی کو بلاتے تو کنفیوژن ہوسکتی ہے ، براڈ شیٹ معاملے میں ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے، انکوائری کے نتیجے میں سوالات کے جواب مل جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف براڈ شیٹ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سابق جج کی سربراہی میں براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں کابینہ کو براڈ شیٹ کیس کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی ، جس میں وفاقی کابینہ نے نیب اور براڈ شیٹ کے معاملے پر ریٹائرڈ ججز کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی ، کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں