وزیر اعظم عمران خان کی شوگر ملز سے چینی کی فروخت کی شفاف طریقے سے نگرانی کی ہدایت

درست ڈیٹا مستقبل میں بحرانوں سے بچنے کیلئے فیصلہ سازی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے،آنے والے دس سالوں میں فوڈ سیکیورٹی پاکستان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے ، منصوبے پر سختی سے عمل کیا جائے، اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 جنوری 2021 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے شوگر ملز سے چینی کی فروخت کی شفاف طریقے سے نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ درست ڈیٹا مستقبل میں بحرانوں سے بچنے کیلئے فیصلہ سازی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے،آنے والے دس سالوں میں فوڈ سیکیورٹی پاکستان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے ، منصوبے پر سختی سے عمل کیا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے زراعت کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، مشیر عبدالرزاق داد، معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف اور متعلقہ اعلی افسران کی شرکت. اسکے علاوہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سسٹین ایبل ڈولپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے بنائے گئے فوڈ سیکیورٹی ڈیش بورڈ پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ڈیش بورڈ کو تکنیکی طور پر مکمل کرکے وزارتِ فوڈ سیکیورٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے،اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ڈیش بورڈ کی مدد سے فیصلہ سازی کیلئے درکار ڈیٹا کے حصول کو صوبوں کی مدد سے یقینی بنایا جا رہا ہے، اسکے لئے صوبوں کے متعلقہ محکموں کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے،مزید بتایا گیا کہ ڈیٹا کا حصول نجی و سرکاری ذرائع سے یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیش بورڈ میں چینی اور گندم کے علاوہ کم معیاد والی اجناس جیسے کہ سبزیوں کی کھپت اور دستیابی کی نگرانی بھی کی جائیگی،وزیر اعظم کو درست ڈیٹا کے حصول کیلئے چینی کی فروخت کی کڑی نگرانی اور آٹا چکیوں سے معلومات کے حصول سے بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈیش بورڈ کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے پر زور دیا،وزیرِ اعظم نے کہا کہ آنے والے دس سالوں میں فوڈ سیکیورٹی پاکستان کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے لہذا منصوبے پر سختی سے عمل کیا جائے اور ایسے ادارے جو ڈیٹا کی فراہمی میں سست روی اختیار کئے ہوئے ہیں انکے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے،وزیرِ اعظم نے شوگر ملز سے چینی کی فروخت کی شفاف طریقے سے نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ درست ڈیٹا مستقبل میں بحرانوں سے بچنے کیلئے فیصلہ سازی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں