برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے خصوصی شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، وزیر اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نالج اکانومی پر اجلاس،عمران خان نے تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں.

جمعرات 21 جنوری 2021 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے خصوصی شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے ترجیحی شعبوں کے تحت اکنامک آٹ ریچ کے اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس میں مشیر عبدالرزاق داد، معاونِ خصوصی معید یوسف اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں وزیرِ اعظم کو برآمدات کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اہداف کی نشاندہی سے لے کر ان کی تکمیل میں درکار وقت پر کام مکمل ہے،برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے خصوصی شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے برآمدات کو بڑھانے کیلئے درکار تمام اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھانے کی ہدایت دی،مزید وزیرِ اعظم نے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کرکے اس پر عمل کرنے اور بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کی صلاحیت کی حامل برآمدات کے حوالے سے استعداد بڑھانے پر زور دیا.۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نالج اکانومی پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، وائس چیئر مین نالج ٹاسک فورس ڈاکٹر عطا الرحمن اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عطا الرحمن نے وزیرِ اعظم کو ہری پور ہزارہ میں پاکستان آسٹرین یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ انجینئرنگ کی 2.5 سال کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا. منصوبے کی منظوری 2018 میں ہونے کے بعد اس کی تکمیل اور کلاسسز کا آغاز ستمبر 2020 میں ہو چکا. یونیورسٹی 8 بین الاقوامی (3 آسٹرین، 5 چینی)یونیورسٹیوں سے منسلک ہے جہاں مقامی طالبِ علموں کو اعلی معیار کی تعلیمی سہولیات اور جدید علوم پڑھائے جا رہے ہیں،اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو عالمی سطح پر مستقبل میں نہایت اہمیت کی حامل 12 جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم و ترویج کیلئے حکمتِ عملی پر بھی بریف کیا گیا جس میں تعلیم و تدریس کی آٹومیشن، توانائی کو ذخیرہ کرنے، تھری ڈی پرنٹنگ، قابلِ تجدید توانائی، روبوٹکس وغیرہ شامل ہیں،وزیرِ اعظم کو افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کیلئے درجہ بہ درجہ جدید تعلیم و ہنر فراہم کرنے کی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا بتایا گیا کہ پرائمری سے لے کر پوسٹ گریجویٹ سطح تک نظام میں تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ہنر مند افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گامزید ڈاکٹر عطا الرحمن نے اجلاس کو سیالکوٹ میں حال ہی میں منظور ہونے والی بین الاقوامی انجینئرنگ یونیورسٹی پر ترجیحی بنیادوں پر کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا. وزیرِ اعظم نے اس منصوبے کو نہ صرف سراہا بلکہ اس کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر عطا الرحمن نے اس موقع پر اجلاس کو نالچ اکانومی کے 17 مجوزہ منصوبوں کے بارے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ 17 جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہی. اسکے لئے بین الاقوامی معیار کے اداروں کا قیام احسن اقدام ہے مزید وزیرِ اعظم نے تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں