الیکشن کمیشن کا اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ آنے کے بعد کُھلی سماعت کا فیصلہ

اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کیس کی کُھلی سماعت ہو گی۔ الیکشن کمیشن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 12:16

الیکشن کمیشن کا اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ آنے کے بعد کُھلی سماعت کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کُھلی سماعت کا فیصلہ کر لیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیس کی کُھلی سماعت ہو گی۔ فارن فنڈنگ کیس کی کُھلی سماعت پر مؤقف پہلے ہی اعلامیے کے ذریعے دیا جا چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی کُھلی سماعت پر اُلجھاؤ محسوس کیا جا رہا ہے۔

اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس فریقین کی موجودگی میں ہوتا ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی کی کُھلی سماعت نہیں ہو گی۔ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کیس کی کُھلی سماعت کی جائے گی۔ خیال رہے کہ 20 جنوری کو جنوبی وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاپئیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔

فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر سماعت سننی چاہئیے ۔ چیلنج کرتا ہوں سیاسی فنڈ ریزنگ صرف پاکستان تحریک انصاف نے کی، اوور سیز پاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے۔ میں نے شوکت خانم کی فنڈنگ سمندرپارپاکستانیوں سے کی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو معلوم ہے اور مجھے بھی پتہ ہے فارن فنڈنگ کیا ہے۔

کئی ملک ان جماعتوں کو پیسے دیتے رہتے ہیں ۔ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سے میں بتا نہیں سکتا۔ مسلم لیگ ن نے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا چیلنج مسترد کر دیا تھا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے اس چیلنج کو قبول کیا گیا تھا۔ تاہم اب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی اس معاملے پر ایک اور بیان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیس کی کُھلی سماعت کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں