بلوچستان کو ستر سالوں سے محروم اور پسماندہ رکھا گیا ماضی میں بلوچستان کی لیڈرشپ کے ساتھ سنگین ناروا سلوک رکھا گیا،قاسم خان سوری

موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور سی پیک کی تکمیل کے لئے سرگرم ہے۔ سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے،بلوچستان میں سو کے قریب منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:44

بلوچستان کو ستر سالوں سے محروم اور پسماندہ رکھا گیا ماضی میں بلوچستان کی لیڈرشپ کے ساتھ سنگین ناروا سلوک رکھا گیا،قاسم خان سوری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) ستر سالوں سے بلوچستان کو محروم اور پسماندہ رکھا گیا، پرویز مشرف کی اکبر بگٹی کو شہید کرنے کی غلطی سے بلوچستان نے بڑا خمیازہ بھگتا، بلوچستان میں بہت سے کام کرنے باقی ہیں ہم بلوچستان میں سو کے قریب منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام بلوچستان میں بہترین کام کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اسلام آباد میں 'ہمارا بلوچستان' تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کا انعقاد بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی)نے کیا تھا، تقریب میں سینیئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے بھی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اظہار خیال کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر ثنا اچکزئی، ظاہر ناصر اور دیگر مہمان بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ستر سالوں میں محروم رکھا گیا ماضی میں بلوچستان کی لیڈرشپ کے ساتھ سنگین ناروا سلوک رکھا گیا۔ موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور سی پیک کی تکمیل کے لئے سرگرم ہے۔

سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے یہ منصوبہ ناصرف بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلے گا بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کمزور کو دشمن بھی نشانہ بناتا تھا اور پرویز مشرف کی اکبر بگٹی کو شہید کرنے کی غلطی سے بلوچستان نے بڑا خمیازہ بھگتا، اب وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے باعث بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سی پیک کے مغربی روٹ کے لئے ہم نے بڑی کاوشیں کیں، ہماری حکومت جب آئی تو ہم نے باقاعدہ سی پیک پر کام شروع کیا۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ جیسے پورے ملک میں مسائل ہیں اسی طرح بلوچستان میں بھی ہیں، بلوچستان پاکستان کا چوالیس فیصد رقبہ ہے، بلوچستان کو ماضی میں خصوصی توجہ نہیں دی گئی، بلوچستان ماضی میں محرومیوں کا شکار رہا بلوچستان سب سے کمزور صوبہ ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر وزیر اعظم کی پالیسز کامیاب رہیں، صحت پر زیادہ پیسہ لگانے والے ممالک بھی کووڈ کو کنٹرول نہیں کر سکے۔

پی ٹی اینکر سجاد بخاری کا تقریب کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان صرف کوئٹہ نہیں ہے پورا صوبہ ہے، بلوچستان میں لیویز اہلکاروں کی سیلریز انتہائی کم ہیں، بلوچستان نے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کرنا ہے لیکن بلوچستان خود نظر انداز رہا ہے، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ محبت ہے محبت اور خلوص سے آپ بلوچستان میں کچھ بھی کر سکتے ہیں، ریاست اور بلوچستان کی سوسائٹی میں اعتماد کا فقدان ہے، اگر غیر معمولی حالات ہیں تو غیر معمولی فیصلے بھی کرنے ہونگے بلوچستان کا باسی کہتا ہے مجھے اپنا۔بلوچستان رورل سپورٹس پروگرام کے چیف ایگزیکٹو نادر گل بڑیچ کا کہنا تھا کہ پی آر ایس پی کے تحت پسماندہ علاقوں کے عوام کی ترقی کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں