’اپوزیشن 100 بار بھی تحریک عدم اعتماد لائے تو اسے شکست ہوگی‘ حکومت کا چیلنج

مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کو بند گلی کی طرف لے کر جا رہے ہیں ، انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا یہ ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ، تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کر کے بلاول نے عمران خان کو آئینی طور پر وزیراعظم تسلیم کرلیا ، وفاقی وزراء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 جنوری 2021 22:56

’اپوزیشن 100 بار بھی تحریک عدم اعتماد لائے تو اسے شکست ہوگی‘ حکومت کا چیلنج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2021ء) وفاقی حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل حزب اختلاف اتحاد کو چینلج کیا ہے کہ اپوزیشن ایک بار چھوڑ کر سو بار تحریک عدم اعتماد لائے تو اسے شکست ہوگی کیوں کہ پی ڈی ایم کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن ایک نہیں سو بار تحریک عدم اعتماد لا کر دیکھ لے ، انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا کیوں کہ فضل الرحمان بند گلی کی طرف جا رہے ہیں ، وہ خود بھی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ووٹ ہیں تو وہ خوشی سے تحریک عدم اعتماد لائیں، ہم اس کا سامنا کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے ، اسی لیے استعفوں سے شروع ہونے والی بات اب تحریک عدم اعتماد تک آ گئی ، کیوں کہ ستعفوں سے شروع والوں کی بس ہو گئی، اب بات عدم اعتماد کی گفتگو پر آگئی ہے ، اپوزیشن اگر تاعمر قید اور نااہلی سے بچ گئی تو ان کے لیے یہی غنیمت ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کر کے بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو آئینی طور پر تسلیم کرلیا ، اب سلیکٹڈ کہنا بند کردیں۔ دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کو نیچے اتارنے کا واحد طریقہ تحریک عدم اعتماد ہی ہے ، اگر ان سے دباو کے تحت استعفیٰ لیا تو وہ سیاسی شہید بن جائیں گے ، حکومت صرف چار ووٹوں پر کھڑی ہے ، لیکن اس کے باوجود عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے بہت محنت کرنی پڑے گی۔

معروف وکیل رہنما نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے ہی وزن سے نیچے گررہی ہے ، کیوں کہ پی ٹی آئی پر کار کردگی دکھانے کے لیے بہت دباو ہے جب کہ پنجاب میں ان کی حکومت کا ووٹوں کا مارجن بھی بہت کم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں