شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا ٹیلیفونک رابطہ ،دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی افغان ہم منصب سے بات چیت وزیر خارجہ نے اپنے افعان ہم منصب کے ساتھ، معمولی جرائم کی پاداش میں افغان جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا

پیر 25 جنوری 2021 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بارڈر مارکیٹ کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے اس دو طرفہ معاہدے کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، شروع سے افغان مسئلے کے پر امن، جامع اور دیرپا حل کا خواہشمند ہے ۔پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے کے حوالے سے مشترکہ ذمہ داری کے تحت مصالحانہ کردار ادا کیا ،پاکستان بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ایک نادر موقع تصور کرتا ہے ،بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اپنے افعان ہم منصب کے ساتھ، معمولی جرائم کی پاداش میں افغان جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں