جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر

وفاقی کابینہ نے تقرری کی منظوری دے دی ، انکوائری کمیشن براڈشیٹ کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 جنوری 2021 16:28

جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری2021ء) جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں براڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ، وفاقی کابینہ کی طرف سے منظوری دیے جانے کے بعد جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر ہوگئے ، جب کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے تشکیل دیا گیا انکوائری کمیشن براڈشیٹ کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی ، معاشی اور اقتصادی صورتحال سمیت براڈ شیٹ کیس میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی ، انکوائری کمیشن ان اہم لوگوں کے وہ کیس بھی کھولے گا ، جو کسی بھی مصلحت کے تحت بند کیے گئے ، اس سلسلے میں راؤسکندر اقبال ، آفتاب احمد شیر پاؤ جیسے بڑے ناموں کے کیس ایک بار پھر کھولے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپشن کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جائے گا ، براڈشیٹ کے معاملے پر کسی کو نہیں چھوڑوں گا، براڈشیٹ کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے، مکمل انکوائری ہوگی۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس(ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کردی ، ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے جن کی اپنی تحقیقات ہونی چاہیے، مشرف دور میں نواز شریف کیخلاف مقدمات میں عامر عزیز کے ساتھ عظمت سعید بھی شامل رہے، منتخب وزیراعظم کیخلاف جے آئی ٹی کے ہیرے تلاش کرنے کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں