وفاقی وزرا نے وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹریز کی شکایت کر دی

وزیراعظم نے وفاقی وزرا کی شکایت پر سیکرٹریز کی اجلاسوں میں عدم شرکت کا نوٹس لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جنوری 2021 16:45

وفاقی وزرا نے وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹریز کی شکایت کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2021ء) : وفاقی وزرا نے وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹریز کی شکایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بعض وفاقی وزرا نے کمیٹیوں کے اجلاسوں میں سیکرٹریز کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا اور اس کی شکایت وزیراعظم عمران خان کو کی جس پر وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹریز کی عدم شرکت کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹریز کو ہرصورت کابینہ و پارلیمانی کمیٹی اجلاسوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹریز مکمل تیاری کے ساتھ اجلاسوں میں ذاتی شرکت کو یقینی بنائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم اور کابینہ کے فیصلے پر وفاقی سیکرٹریز کو ہدایت نامہ بھجوا دیا جس کے بعد سرکاری مصروفیات کے باعث غیرحاضری کے بارے میں قبل ازوقت سیکرٹری کابینہ کو تحریری طور پر آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی و پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں ارکان اسمبلی نے بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوالات کیے ، اور کہا کہ میڈیا کہتا ہے حکومت نے پہلے سے زیادہ قرض لیے ہیں ، جس پر وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے قرضوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں گفتگو میں کہا کہ غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے ، براڈشیٹ معاملے پر کمیشن بنا دیا، سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

انہوں نے پارلیمانی پارٹی اراکین سے کہا کہ آپ بے فکر رہیں ، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسلئہ نہیں ہے ، تمام لوگ مل کر احساس پروگرام پر پورا زور لگائیں ، ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں ، اور غریبوں کو سہولتیں فراہم کریں۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے اپنی ہی حکومت کے وزراء کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر وزیر سبز باغ دکھارہے ہیں ، حقیقیت یہ ہے کہ عوام کو آٹا، دال چینی کچھ بھی نہیں مل رہا ، تمام وزراء کا احتساب ہونا چاہیے ، میں بھی احتساب کے عمل سے گزر چکا ہو ں۔

انہوں نے کہا کہ عبد الحفیظ شیخ 2008ء میں بھی یہ ہی باتیں کرتے تھے ، یہ ٹیکنوکریٹ چلے جائیں گے ہم ذلیل ہوجائیں گے ، ہوسکتا ہے میری باتیں آپ کو بری لگیں ، لیکن پارٹی سے مخلص ہو اس لیے صاف صاف باتیں کررہا ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں